سی ٹی ڈی پنجاب نے صوبہ بھر میں آپریشنز کے دوران کالعدم تنظیموں کے6مبینہ دہشت گردگرفتار کر لئے،ترجمان

ہفتہ 17 جون 2023 17:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2023ء) کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)پنجاب نے آپریشنز کے دوران کالعدم تنظیموں کے6مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے دہشت گردی کے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں 55خفیہ آپریشنز کئے جن کے دوران50مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور6مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کرکر کے ان کے قبضہ سے اسلحہ دھماکہ خیز و دیگر ممنوعہ مواد برآمد کر لیاگیا۔

گرفتار ہونے والے دہشت گردوں میں تحریک طالبان پاکستان کے 3ارکان لیاقت اللہ ،ندیم خان، عنایت اللہ سپاہ صحابہ پاکستان کا ایک رکن محمد یونس داعش کا ایک رکن محمد عماراور لشکر جھنگوی کا ایک رکن اعجاز احمدشامل ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ دہشتگردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد 1358 گرام،ہینڈ گرنیڈ ایک عدد، پرائما کارڈ 6.53 فٹ، لیپ ٹاپ ایک عدد،کالعدم تنظیم کے 82 پمفلٹس، 45 سٹیکرز، 2جھنڈے ،6 رسید کتابیں اور 18800روپے نقدی برآمد کئے گئے ہیں۔

ترجمان نے کہاکہ دہشتگردوں نے صوبہ بھر میں تخریب کاری کا منصوبہ بنا رکھا تھا اور وہ اہم تنصیبات اور مذہبی مقامات کو ٹارگٹ کرنا چاہتے تھے،گرفتار مبینہ دہشت گردوں کے خلاف ملتان ،ڈی جی خان اور گوجرانوالہ میں 6ایف آئی آرز درج کر کے تفتیش کے لیے ان کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ رواں ہفتے کے دوران مقامی پولیس اور سیکورٹی اداروں کی مدد سے سی ٹی ڈی پنجاب نے227کومبنگ آپریشنزکئے جس کے دوران11694افراد کو چیک کیا گیا،24مشتبہ افراد کو گرفتار،23 کے خلاف مقدمات جبکہ16 افراد کو بازیاب کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی پنجاب پوری مستعدی سے محفوظ پنجاب کے اپنے ہدف پر عمل پیرا ہے اوردہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے،دہشت گردوں اور ریاست دشمن عناصر کو سلاخوں کے پیچھے پہنچانے کی کوششوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔انہوں نے اپیل کی کہ دہشت گردی سے متعلق کسی بھی معلومات کی صورت میں سی ٹی ڈی پنجاب کی ہیلپ لائن 0800-11111پر فوری اطلاع دی جائے۔