Live Updates

معاشی استحکام کیلئے دیر پا پالیسیوں کا نفاذ ناگزیر ہے ‘ اعجاز آفریدی

بیورو کریسی کا پالیسیوں کے مرتب کرنے میں کلیدی کردار ہے ‘ قائمقام صدر سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا خطاب

بدھ 12 جولائی 2023 21:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2023ء) سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائمقام صدر اعجاز خان آفریدی نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کے استحکام و ترقی کے لئے مستقل ،ْ پائیدار اور دیرپا پالیسیوں کا نفاذ ناگزیر ہے،بیورو کریسی کا پالیسیوں کے مرتب کرنے میں کلیدی کردار ہے ، چیمبرز ،ْ کاروباری طبقہ اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر پالیسیاں تشکیل دی جائیں جس کے دیرپا اور دور رست نتائج برآمد ہوں گے اور ملک معاشی و اقتصادی لحاظ سے ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اسلام آباد میں زیر تربیت 37ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء کے دورہ سرحد چیمبر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سینئر افسران کے وفد کی سربراہی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اسلام آباد ڈائریکٹنگ سٹاف مس سیمی اے خان کر رہی تھی۔ اجلاس کے دوران سرحد چیمبر کے سابق صدور فواد ااسحاق ،ْ زاہداللہ شنواری ،ْ ذوالفقار علی خان ،ْ شیر باز بلور ،ْ سابق سینئر نائب صدور ضیاء الحق سرحدی ،ْ عمران خان مہمند ،ْ ایگزیکٹو ممبران حاجی غلام حسین ،ْ عفاف علی خان ،ْ لال بادشاہ ،ْ منور خورشید ،ْ قرة العین اور محمد اورنگزیب ،ْ احسان اللہ ،ْ اشتیاق محمد ،ْ قیصر شہزاد ،ْ NIM کے سینئر افسران ،ْ تاجر ،ْ صنعت کار اور بزنس کمیونٹی کے ممبران کثیر تعداد میں موجود تھے۔

اس موقع پر NIM اسلام آباد میں زیر تربیت سینئر افسران کو ایک ملٹی میڈیا پریذنٹیشن کے ذریعے سرحد چیمبر کے تاریخی اہمیت ،ْ اہداف ،ْ مستقبل کے منصوبوں اور دیگر اہم اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شرکاء نے اس موقع پر خیبر پختونخوا کے ضم اضلاع میں صنعتی ترقی ،ْ لیٹر آف کریڈٹ کے مسئلہ پر تاجروں کے خدشات ،ْ تحفظات ،ْ صوبے میں اسپیشل اکنامک زونز کے قیام ،ْ ماحول دوست انڈسٹریلائزیشن کے فروغ ،ْ ایز آف ڈوئنگ بزنس سمیت پاکستان اور افغانستان کے درمیان باہمی تجارت کے فروغ ،ْ برآمدات اور درآمدات کی موجودہ صورتحال اور تاجروں کو مختلف حکومتی اداروں سے متعلقہ درپیش مسائل کے بارے میں مختلف سوالات کئے جس کا سرحد چیمبر کے قائمقام صدر اعجاز خان آفریدی ،ْ سابق صدور فواد اسحاق ،ْ زاہداللہ شنواری ،ْ ذوالفقار علی خان اور شیر بازبلور ،ْ ایگزیکٹو ممبران نے بڑی تفصیل کے ساتھ جوابات دیئے۔

سرحد چیمبر کے سابق صدور فواد اسحاق اور زاہداللہ شنواری کا کہنا تھا کہ طویل المیعاد اور مستقل بنیادوں پر پایسیوں کا نفاذ ملک کی معاشی و اقتصادی ترقی اور انڈسٹریلائزیشن کے لئے بہت ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملکی درآمدات اور برآمدات کے حوالے سے درپیش مسائل کے فوری حل کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صنعتوں کو مراعات اور سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ملک کی معیشت کو استحکام حاصل ہواور ترقی کی رفتار میں تیزی لائی جاسکے۔

سرحد چیمبر کے سابق صدور کا مزید کہا تھا کہ حکومتی اداروں ،ْ چیمبرز اور بزنس کمیونٹی کو بہتر لیزان قائم کرنے کی اشد ضرورت ہے اور پالیسیوں کی تشکیل سے قبل مشاورت کی جانی چاہئے تاکہ اس سے متعلقہ اہداف اور نتائج حاصل کرنے میں آسانی ہوگی۔ اس سے قبل سرحد چیمبر کے قائمقام صدر اعجاز خان آفریدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرحد چیمبر صوبے میں صنعتی ترقی اور کاروباری طبقہ کی مشکلات کے ازالہ اوہر مسائل کو متعلقہ حکومتی اداروں کے ذریعے حل کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ملک کی معاشی ترقی کے لئے کاروباری طبقہ کے مسائل کو حل کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے اس موقع پر سینئر افسران کی جانب سے کاروبار کی بہتری اور ملک کی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے بزنس کمیونٹی سے مکمل تعاون کرنے کی امید ظاہر کی ہے۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ممبران اور دیگر شرکاء نے متعدد سوالات کئے جس کاNIM اسلام آباد کے زیر تربیت سینئر افسران نے تفصیلی طور پر جوابات دیئے۔

اس موقع پر سرحد چیمبر کے قائمقام صدر اعجاز خان آفریدی نے سینئر افسران کی آمد پر انہیں خوش آمدید کہا اور شکریہ ادا کیا۔ NIM اسلام آباد کی ڈائریکٹنگ سٹاف مس سیمی اے خان نے سرحد چیمبر کے قائمقام صدر اعجاز خان آفریدی اور دیگر سینئر ممبران کا مہمان نوازی اور پر جوش استقبال پر شکریہ ادا کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات