امریکا؛ کھیل کھیل میں 3 سالہ بچے سے گولی چلنے سی1 سالہ بہن ہلاک

منگل 18 جولائی 2023 19:15

امریکا؛ کھیل کھیل میں 3 سالہ بچے سے گولی چلنے سی1 سالہ بہن ہلاک
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جولائی2023ء) امریکی ریاست کیلی فورنیا کے ایک گھر میں 3 سالہ بچہ اپنے والد کی بندوق سے کھیل رہا تھا اور اسی دوران گولی چل گئی جو بستر پر موجود 1 سالہ بہن کو لگ گئی۔امریکی میڈیا کے مطابق اتفاقی طور پر چلنے والی اس گولی نے ایک سالہ بچی کے نرم و نازک جسم کو چھلنی کردیا۔ خون اتنی تیزی سے بہا کہ اسپتال منتقل کرنے کے دوران ہی بچی کی موت واقع ہوگئی۔

(جاری ہے)

یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب والد آ فس جانے کی تیاری کر رہے تھے اور ان کا پستول غیر محفوظ طریقے سے رکھے ہونے کے باعث بچہ کے ہاتھ لگ گیا۔لوڈڈ پستول سے بچہ اپنی بہن کے ساتھ ہی بستر پر کھیلتا رہا اور اسی دوران گولی چل گئی۔ پولیس نے والدین کو تفتیش کے لیے گرفتار کرلیا اور بچے کو دارالامان بھیج دیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ غفلت اور لاپرواہی برتنے پر والد کے خلاف مقدمہ بھی دائر کیا جا سکتا ہے۔ شہری اسلحے کو بچوں کی پہنچ سے دور رکھنے کے لیے ہر ممکن احتیاط برتیں۔خیال رہے کہ امریکا میں اسلحے کی آزادانہ خرید و فروخت اور استعمال کے باعث ملک میں ہلاکتوں کی سب سے بڑی وجہ بندوق بنتی جا رہی ہے جس میں سالانہ ٹریفک حادثات سے بھی زیادہ افراد ہلاک ہوجاتے ہیں۔