منی پورمیں ہندو اکثریتی قبیلے نے دو عیسائی خواتین کوبرہنہ کرکے گھمایا،ایمنسٹی انٹرنیشنل کا اظہارتشویش

جمعرات 20 جولائی 2023 12:41

منی پورمیں ہندو اکثریتی قبیلے نے دو عیسائی خواتین کوبرہنہ کرکے گھمایا،ایمنسٹی ..
امپھال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2023ء) شورش زدہ بھارتی ریاست منی پور میں میتی(ہندو) قبیلے کے افراد نے دو کوکی(عیسائی) خواتین کو برہنہ کر کے سڑک پر گھمایا۔ شرمناک واقعے کی ویڈیو شوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں دو خواتین کو برہنہ حالت میں گائوں کی سڑک پرگھماتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اس واقعے سے منی پور میں حالات کی سنگینی کا اندازہ بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔

یہ واقعہ 4مئی کو ضلع کانگ پو کپی کے گائوں بی فینوم میں پیش آیاتھا۔ منی پور میں 3مئی سے جاری تشدد میں اب تک ڈیڑھ سو کے قریب افراد ہلاک جبکہ ایک لاکھ کے قریب لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔بی فینوم گائوں میں میتی اور کوکی قبائل کے درمیان جھڑپوں کے بعد میتی برادری کے لوگوں نے کوکی خواتین کو کپڑے اتارنے پر مجبور کیا ۔

(جاری ہے)

کوکی خواتین کو دھمکی دی گئی کہ اگر انہوں نے خود کو بے لباس نہیں کیا تو انہیں گولی مار دی جائے گی۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے واقعے پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوکی خواتین کے ساتھ اس بھیانک سلوک کا مقصد ان کی تذلیل کرنا تھا۔ بیان میں ریاست میں جنسی تشدد کے تمام واقعات کی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تفتیش اور متاثرہ خواتین کو انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا۔ بیان میں بھارتی حکام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ منی پور میں انٹرنیٹ کی فوری بحالی کو بھی یقینی بنائیں۔