راجہ نجابت حسین کی برٹش پاکستانی وکشمیری کمیونٹی کے لیے خدمات قابل تحسین ہیں،راجہ جاوید اقبال

پیر 7 اگست 2023 16:01

نوٹنگھم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2023ء) جموں وکشمیر اوورسیز کونسل یوکے کے زیر اہتمام جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین کو صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے اعلیٰ سول ایوارڈ (ستارہ پاکستان) سے نوازنے کیلئے ایک مقامی ہوٹل میں پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا تقریب میں شریک تمام شرکاء نے وفاقی حکومت اور حکومت آزادکشمیر سے بھرپور مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر رٹھوعہ ہریام برج کی تکمیل مکمل کرے۔

تقریب کی صدارت جمیل اکاؤنٹنٹ نے کی جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض راجہ مبشر آزاد نے سرانجام دیئے تقریب سے ماسٹر فضل داد،سردار عبدالرحمن،راجہ ایوب،ارشد ایڈووکیٹ،راجہ مظہر زیب،راجہ طاہر سلیم،راجہ محمود اور محمد جمیل (عرف جمی) نے بھی خطاب کیا جبکہ چوہدری محمد اصغر،چوہدری صغیر کالس،چوہدری ظہیر کالس،چوہدری شوکت آف(تھناں) اور راجہ بشارت نے اپنا ٹائم مہمان خصوصی چیئرمین جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل راجہ نجابت حسین کو دیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل راجہ نجابت حسین کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی افواج کی انسانی حقوق کی پامالیوں کیخلاف عالمی سطح پر بھرپور انداز میں آواز بلند کرنیپر ستارہ پاکستان سے نوازا گیا۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین جموں وکشمیر اوورسیز کونسل یوکے راجہ جاوید اقبال نے راجہ نجابت حسین کو ستازہ پاکستان کا اعزاز ملنے پر مبارکباد پیش کی، راجہ جاوید اقبال نے راجہ نجابت حسین کو کشمیر کاز اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم اور انتھک کوششوں کو سراہا۔

راجہ جاوید اقبال نے راجہ نجابت حسین کی برٹش پاکستانی وکشمیری کمیونٹی کے لیے ان کی خدمات کو بھی سراہا۔راجہ جاوید اقبال نے مزید کہا کہ راجہ نجابت حسین اس اعزاز کے حق دار تھے، انہوں نے ساری زندگی مسئلہ کشمیرکیلئے آواز بلند کی اور کشمیر کے جھنڈے کو ہمیشہ بلند رکھا اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل (ستارہ پاکستان) راجہ نجابت حسین نے جموں وکشمیر اوورسیز کونسل یوکے کے چیئرمین راجہ جاوید اقبال سمیت ان کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کہا کہ ستارہ پاکستان کا اعزاز تمام کمیونٹی کا ہے جنہوں نے ہمیشہ کشمیر کاز کیلئے حمایت کی اور آئندہ بھی ہم مل کر اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری تنظیم برطانیہ میں تمام ہم خیال افراد اور تنظیموں سے رابطہ کر رہی ہے تاکہ آئندہ چند دنوں میں برطانوی پارلیمنٹ کے ساتھ ساتھ برطانیہ کے مختلف شہروں میں لابی پروگرام کا انعقاد کیا جاسکے،انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں اور سیاسی قیدیوں کے اہل خانہ کو یقین دلایا کہ ہم ان کی رہائی کیلئے بھرپور مہم چلائیں گے اور بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سے عالمی برادری کو آگاہ کریں گے۔

دیگر شرکا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اپنے شہروں میں اپنے ایم پیز اور کونسلرز کے ساتھ مل کر جموں وکشمیر اوورسیز کونسل یوکے کی مسئلہ کشمیر مہم کیلئے اجلاس منعقد کریں گے۔ستارہ پاکستان ملک کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈز میں سے ایک ہے اور صدر پاکستان کی جانب سے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو دیا جاتا ہے۔