دبئی ایئرپورٹ پر ریچھ نے پرواز لیٹ کروا دی‘ ویڈیو وائرل

ایئرلائن کی واقعے پر معذرت‘ متعلقہ حکام کو تحقیقات کا حکم دے دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 8 اگست 2023 15:10

دبئی ایئرپورٹ پر ریچھ نے پرواز لیٹ کروا دی‘ ویڈیو وائرل
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 08 اگست 2023ء ) دبئی پہنچنے والی عراقی ایئرویز کی پرواز سے ریچھ اپنے پنجرے سے باہر نکل آیا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی جب کہ فلائٹ بھی تاخیر کا شکار ہوئی۔ عراقی نیوز کے مطابق عراق کی قومی ایئرلائن نے ریچھ کی نقل و حمل کا واقعہ پیش آنے پر سفر کرنے والے مسافروں سے معذرت کی ہے کیوں کہ اس کے نتیجے میں متحدہ عرب امارات سے عراق واپسی کے سفر میں تاخیر ہوئی، ایک بیان میں فضائی کمپنی نے کہا کہ ریچھ کو قانونی طور پر اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق منتقل کیا جا رہا تھا کہ اس دوران پنجرے سے ریچھ کے فرار ہونے سے مسائل پیدا ہوئے۔

خلیجی اخبار الامارات الیوم نے رپورٹ کیا ہے کہ عراقی وزیراعظم محمد شیاع سودانی نے وزارت ٹرانسپورٹ کو عراقی طیارے سے ریچھ کے فرار ہونے کے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے کیوں کہ ریچھ کے یوں پنجرے سے باہر آنے کی وڈیو وائرل ہونے کی وجہ سے مسافروں کی سلامتی سے متعلق سنجیدہ سوالات اٹھے، جس کی بناء پر عراقی ایئرویز کو واقعہ پر معذرت کرنی پڑی۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ ریچھ کی جانب سے پنجرہ توڑ کر باہر آنے پر طیارے کے عملے نے فوری طور پر دبئی ایئرپورٹ کے حکام سے رابطہ کیا جس کے نتیجے میں انتظامیہ کی جانب سے بھیجی گئی خصوصی ٹیم نے ریچھ کو بے ہوش کرکے اس کو قابو میں کیا اور مسافروں کی سلامتی کے لیے فوری اقدامات کیے جانے کے بعد عراقی طیارہ اپنی منزل پر روانہ ہوگیا۔