شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے سپورٹس سائیکل ریلی اختتام پذیر ہو گئی

جمعہ 11 اگست 2023 21:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2023ء) ممبر سی ای سی پاکستان پیپلزپارٹی چوہدری منظور احمد کی زیرسر پرستی یوم آزادی کے موقع پر شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے 4 اگست سے قصور سے شروع ہونے والی سپورٹس سائیکل ریلی پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گئی۔ اس ریلی میں4 آفیشلز کے ساتھ 8سائیکلسٹس نے حصہ لیا۔

پیپلز پارٹی سپورٹس ونگ سنٹرل پنجاب کے جنرل سیکرٹری صابر علی قصوری ان سائیکلسٹ کے کوچ کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کو چ صابر قصوری نے کہا کہ پاکستان کے اندر ٹیلنٹ تو بہت ہے تاہم وسائل کی کمی ہے جس کی وجہ سے کھلاڑی سامنے نہیں آسکتے،حکومتی سرپرستی سے یہ کھلاڑی اپنا لوہا پوری دنیا میں منوا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے طور پر کسی حد تک اپنا کردار ادا کر رہی ہے تاہم پرائیویٹ سیکٹر کے سامنے آنے سے کھیل اور کھلاڑی کامیاب ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بڑے بڑے ادارے کسی ایک کھیل کو سپورٹ کرنا شروع کر دیں تو ہمارے ملک میں کھیلوں کی تقدیر بدل جائے گی۔ کوچ صابر قصوری نے کہا کہ اس ایونٹ کے انعقاد کے لئے پیپلز پارٹی نے بہت سپورٹ کی اور ہر طرح کی سہولیات مہیا کیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں سائیکلسٹ ٹیم نے 25 دسمبر سے لاڑکانہ سے براستہ ایران سعودی عرب تک کا سائیکل پر ٹور کرنا ہے، نئے سائیکلسٹ بھی اس میں شامل ہو سکتے ہیں،پیپلز پارٹی کی ہمیں اس حوالے سے سپورٹ ہوگی، سائیکلسٹ فیڈریشن بھی اس حوالے سے اپنا کردار ادا کر رہی ہے تاہم ہمارے ساتھ ابھی رابطہ نہیں کیا گیا۔