سابق وزیر اعلی و صدر مسلم لیگ ن گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کا نامز نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے ٹیلی فون پر رابطہ

ہفتہ 12 اگست 2023 22:50

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2023ء) سابق وزیر اعلی و صدر مسلم لیگ ن گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے نامز نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ ترجمان پاکستان مسلم لیگ ن کی طرف سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق اس موقع حافظ حفیظ الرحمان نے نگران وزیراعظم کے آئینی منصب کیلئے نامزد ہونے پر انہیں مبارکباد پیش کی۔

اس موقع پر حافظ حفیظ الرحمان نے کہا کہ سابق حکومتی جماعتوں اور اپوزیشن کا متفقہ اعتماد انوار الحق کی صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔سابق وزیر اعلی نے کہا کہ آپ خود چھوٹے اور کم ترقی یافتہ صوبے سے تعلق رکھتے ہیں، چھوٹے صوبوں کی محرومیوں سے آگاہ ہیں، آپ سے گلگت بلتستان کے عوام بھی امید کرتے ہیں کہ آپ اس نگران حکومت کے مختصر مدت میں گلگت بلتستان کی تعمیر وترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائینگے۔

(جاری ہے)

سابق وزیر اعلی حافظ حفیظ الرحمن نے امید ظاہر کی کہ نگران وزیراعظم اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کرکے جمہوری تقاضوں کے عین مطابق صاف شفاف الیکشن کروانے اور معاشی ترقی و اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔نگران وزیراعظم انوارلحق کاکڑ نے سابق وزیراعلی حافظ حفیظ الرحمن اور گلگت بلتستان کے عوام کی طرف سے نیک خواہشات کے اظہار کو سراہا ۔

گلگت بلتستان کے عوام کی تعمیر وترقی اور خوشحالی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھانے کے عزم کا ظہار کیا اور جمہوری تقاضوں کے عین مطابق صاف شفاف الیکشن کی زمہ داری احسن طریقے سے ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔نگران وزیراعظم نے سابق وزیراعلی حافظ حفیظ الرحمن اور گلگت بلتستان کے عوام کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔