وادی لیپہ منڈہ کلی بیلہ میں علی خان چغتائی میمورل کرکٹ ٹورنامنٹ اسپورٹس میلہ اپنے اختتام کو پہنچ گیا

منگل 15 اگست 2023 19:02

وادی لیپہ منڈہ کلی بیلہ میں علی خان چغتائی میمورل کرکٹ ٹورنامنٹ اسپورٹس ..
لیپہ ویلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2023ء) وادی لیپہ منڈہ کلی بیلہ میں علی خان چغتائی میمورل کرکٹ ٹورنامنٹ اسپورٹس میلہ اپنے اختتام کو پہنچ گیا وزیر حکومت دیوان علی خان چغتائی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس سپورٹس میلے میں تمام سیاسی جماعتوں کے اکابرین جن میں پیپلزپارٹی کے سابق امیدوار اسمبلی شوکت جاوید میرحلقہ چار مظفرآباد سے بلاول منیر اعوان،ڈسٹرکٹ کونسلر نوکوٹ عزیز بدھن،ڈسٹرکٹ کونسلر لیپا بشیر عالم اعوان اور دیگر نے شرکت کی اور یوم آزادی پر یکجہتی کا پیغام دیا۔

اس موقع پر وزیر حکومت دیوان علی خان چغتائی نے کرکٹ سپورٹ میلے کے آرگنائزر اور کمیٹی ممبران کوشاندار ٹورنامنٹ اور میلے کے انعقاد پرمبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجتی کرنے کے لیے اتنے بڑے ایونٹ کا اہتمام قابل ستائش ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا میں پاک فوج کی بہادری اور شجاعت کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں پاک فوج کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتاجشن آزادی پاکستان نوجوانوں کی سپورٹ کے حوالہ سے پروگرام کا انعقاد مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیتا ہے۔

اس ٹورنامنٹ میں نوجوانوں کی شرکت جشن آزادی پاکستان کے انعقاد پر ان کا جوش وجذبہ نظریہ اور فکر ایل او سی کے پاس مسلح افواج کے جوان جو سرحدوں پر ہیں اس خونی لکیر کے اوپر ڈیوٹی دیتے ہیں ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، انہوں نے کہا یہ کشمیر بھی ہمارا ہے اور اس پار کا کشمیر بھی ہمارا ہے، انشااللہ وہ دن دور نہیں جس دن یہ خونی لکیر ختم ہو جائے گی، آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر ایک ہو جائے گا اور تکمیل پاکستان کا سفر مکمل ہو کے رہے گا، ایل او سی کے پاس رہنے والے لائق تحسین ہیں اس پر میں خصوصی طور پر افواج پاکستان کے سپہ سالار سید عاصم منیر کو مبارک باد پیش کرتا ہوں جنہوں نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول پر ہمارے فوجی جوانوں اور افسران کے پاسنگ آؤٹ پریڈکے موقع پر کشمیری قوم کے حوالہ سے خیالات کا اظہار کیا اس پر پوری قوم آپ کا شکریہ ادا کرتی ہے اور آپ کو ایل او سی سے پیغام دیتی ہے کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں اس سے پہلے بھی جب کوئی ایسا مقام آیا تو کشمیری قوم نے سیسہ پلائی دیوار کی طرح ساتھ دیا اور آج بھی ان کے ساتھ ڈٹ کے کھڑے ہیں ایل او سی کے پاس رہنے والے لوگوں کا رشتہ پاکستان کے ساتھ ہے ہمارے خیالات نظریات احساسات پاکستان کے ساتھ ہیں ۔

انہوں نے کہا وادی لیپہ کے نوجوان اچھے کردار اور اچھی سوچ کے حامل ہیں ٹورازم کے فروغ کے لیے نوجوانوں کا بھی اہم کردار ہے ۔