یوکرائنی صدر ایف سولہ کے کاک پٹ میں سوار ہو گئے

طیارے میں ان کے ساتھ ڈینش وزیراعظم فریڈرکسن بھی تھیں،رپورٹ

پیر 21 اگست 2023 12:33

یوکرائنی صدر ایف سولہ کے کاک پٹ میں سوار ہو گئے
کیف(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2023ء) یوکرین کے صدر زیلنسکی ڈنمارک کے سکریڈ اسٹرپ ایئر بیس پر ایک ایف سولہ لڑاکا طیارے کے کاک پٹ میں چڑھ گئے۔ ان کے ساتھ ڈنمارک کی وزیر اعظم میٹ فریڈرکسن بھی تھیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ڈینش وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ وہ اس نوعیت کے 19 لڑاکا طیارے کیف کو فراہم کریں گی۔کاک پٹ میں بیٹھے اور لڑاکا طیارے کا معائنہ کرتے زیلنسکی خوش دکھائی دئیے۔

وہ روس کے ساتھ طاقت کے توازن کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے مغربی ملکوں کو ایف سولہ طیارے یوکرین کو فراہم کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کرتے چلے آرہے ہیں۔ڈینش وزیر اعظم فریڈرکسن نے مزید کہا کہ ہم یوکرین کو 19 ایف سولہ طیارے عطیہ کریں گے۔ نیدر لینڈز (ہالینڈ)کے وزیر اعظم مارک روٹے نے اتوار کو یوکرین کے صدر زیلنسکی کو بتایا کہ نیدرلینڈز اور ڈنمارک یوکرین کو ایف سولہ لڑاکا طیارے فراہم کریں گے۔

(جاری ہے)

روٹے نے ایک ڈچ ایئر بیس پر زیلنسکی کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ طیارے ایک مرتبہ میں ہی ڈیلیور کئے جائیں گے۔یہ اعلان روٹے اور زیلنسکی کے بیس پر ہینگر میں کھڑے دو سرمئی F-16 طیاروں کی جانچ کے چند منٹ بعد سامنے آیا۔ یہ پیشکش نیدرلینڈز اور ڈنمارک کے اس بیان کے دو دن بعد سامنے آئی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ امریکہ نے انہیں یوکرین کو امریکی ساختہ ایف سولہ فراہم کرنے کی اجازت دی ہے۔

روٹے کا اعلان یوکرین کی فوج کو ایف سولہ فراہم کرنے کے پہلے حقیقی عزم کی نشاندہی کر رہا ہے۔ زیلنسکی نے کہا وہ روٹے کے ساتھ 42 عدد ایف سولہ طیاروں کو کیف منتقل کرنے کا معاہدہ کر چکے ہیں۔زیلنسکی نے ٹوئٹر پر کہا کہ یہ طیارے روسی افواج کا مقابلہ کرنے کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔ یہ معاہدہ یوکرین کی فضائی ڈھال کو مضبوط کرنے کے لیے ایک نئے قدم کی نمائندگی کرتا ہے۔ 42 طیاروں کی منتقلی صرف آغاز ہے۔