خوش قسمت شخص کی ایک ہی دن میں 15 لاٹریاں لگ گئیں

قرعہ اندازی میں 7 لاکھ 50 ہزار ڈالرز جیتنے والے کے راتوں رات دن پھر گئے

Sajid Ali ساجد علی بدھ 23 اگست 2023 13:54

خوش قسمت شخص کی ایک ہی دن میں 15 لاٹریاں لگ گئیں
نیو یارک ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 اگست 2023ء ) امریکہ میں خوش قسمت شخص صرف ایک ہی ایک دن میں 15 لاٹری ٹکٹ جیت گیا، اس قرعہ اندازی میں 7 لاکھ 50 ہزار ڈالر جیتنے والے کے راتوں رات دن پھر گئے۔ امریکی میڈیا کے مطابق امریکہ میں میری لینڈ سے تعلق رکھنے والے ایک بہت خوش قسمت شخص نے 15 ایک جیسے لاٹری ٹکٹ خریدے تو قسمت نے حیرت انگیز طور پر ساتھ دیا اور اس نے ایک ہی دن میں تمام لاٹری ٹکٹ پر انعام جیتا اور مجموعی طور پر 7 لاکھ 50 ہزار ڈالرز حاصل کرلیے۔

معلوم ہوا ہے کہ اس خوش قسمت شخص کی عمر 65 سال ہے تاہم مختلف وجوہات کی بناء پر اس کا نام جاری نہیں کیا گیا، اس نے میری لینڈ لاٹری حکام کو بتایا کہ اس نے ماضی میں مختلف ڈراز اور دیگر گیمز سے چھوٹے انعامات جیتے ہیں لیکن جیک پاٹ اس کے لیے اب تک کا سب سے بڑا انعام ہے۔

(جاری ہے)

بتایا جاتا ہے کہ خوش نصیب شخص 20 سال سے وفاقی ملازم ہے، جس نے اس قرعہ اندازی کے لیے 15 ایک جیسے ٹکٹ خریدے اور ہر ٹکٹ کے لیے 50 ہزار ڈالر کا انعام جیتا اور یوں مجموعی طور پر اس کے بینک بیلنس میں 7 لاکھ 50 ہزار ڈالرز کا اضافہ ہوگیا تاہم اس نے ایک جیسے 15 لاٹری ٹکٹ خریدنے کے پیچھے چھپی راز کی بات کسی کو نہیں بتائی۔

پتا چلا ہے کہ لاٹری میں انعامات جیتنے والا امریکی شہری ان دنوں اپنی 20 سالہ وفاقی ملازمت سے ریٹائرمنٹ کے لیے بھی منصوبہ بنا رہا تھا اور جب اس نے جیک پاٹ جیتا تو اپنی بیوی سے کہا کہ اس کے کام کرنے کے دن ختم ہو گئے ہیں کیوں کہ اب وہ لوگ جلد ہی ریٹائر ہونے اور مستقبل کے لیے مالی طور پر تیار ہیں۔

متعلقہ عنوان :