دبئی میں چوری کیلئے ولا میں گھسنے والے کو شدید مایوسی کا سامنا

چور کو گھر میں کوئی قیمتی سامان یا نقدی نہیں ملی‘ پولیس نے گرفتار کرلیا‘ عدالت نے قید و ملک بدری کی سزا سنادی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 23 اگست 2023 17:24

دبئی میں چوری کیلئے ولا میں گھسنے والے کو شدید مایوسی کا سامنا
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 اگست 2023ء ) متحدہ عرب امارات کی معروف ریاست دبئی میں ایک غیرملکی چور ولا میں گھس گیا، جس کو چوری کے لیے کوئی قیمتی سامان نہ ملنے پر مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ خلیجی اخبار الامارت الیوم کے مطابق ایک چور رات کے وقت دیوار پھلانگ کر ولا میں داخل ہوا لیکن اسے اپنی کوشش پر شدید مایوسی ہوئی کیوں کہ جس ولا میں چوری کرنے کا اس نے منصوبہ بنایا تھا اس میں کوئی قیمتی سامان نہیں تھا، تاہم دبئی پولیس کا تیز ردعمل اس کی گرفتاری کا باعث بنا اور اب اسے قید اور ملک بدری کا سامنا ہے کیوں کہ دبئی کی عدالت نے اس شخص کو ایک ماہ قید اور ملک بدری کی سزا سنائی ہے۔

دبئی پبلک پراسیکیوشن کی تفتیش میں درج کیس کی تفصیلات سے معلوم ہوا ہے کہ ملزم خالی مکانات کو نشانہ بنا رہا تھا کہ اس دوران اس کی ایک عرب خاتون کے ولا پر نظر پڑی، رات گئے مشتبہ شخص ولا کی دیوار پھلانگ کر اندر داخل ہونے میں کامیاب ہو گیا اور چوری کے لیے اشیاء کی تلاش شروع کردی، تاہم اس کی تمام تر کوششیں رائیگاں گئیں کیونکہ اسے ولا میں کوئی قیمتی سامان یا نقدی نہیں ملی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ دبئی پولیس حکام نے فوری مداخلت کرتے ہوئے مشتبہ شخص کو پکڑ لیا اور کیس دبئی پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا، تفتیش کے بعد ملزم نے اپنی چوری کی کوشش کا اعتراف کرلیا، الزامات کی سنگینی کو تسلیم کرتے ہوئے عدالت نے چوری کی کوشش اور کسی کے گھر میں غیرقانونی طور پر گھسنے کے الزامات کو یکجا کر دیا، جس پر ملزم کو ایک ماہ قید اور ملک سے جلاوطنی کی سزا سنادی۔ دبئی پولیس نے کہا ہے کہ سفر کے لیے یا ویسے کہیں باہر جاتے وقت اپنے گھروں کو محفوظ بنایا جائے، فورس کے پاس 'سفر سے پہلے اپنے گھر کو محفوظ کریں' کے نام سے ایک سروس ہے اور رہائشی چھٹی پر جانے کی صورت میں اس کے لیے سائن اپ کر سکتے ہیں، جس کے بعد یقین رکھیں کہ آپ کے گھر محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔