پی سی بی چیئرمین کا اشرف کی ممکنہ برطرفی کیخلاف درخواست پرفریقین سے جواب طلب

جمعہ 25 اگست 2023 14:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اگست2023ء) لاہور ہائیکورٹ نے پی سی بی چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کی ممکنہ برطرفی کے خلاف درخواست پر وفاقی حکومت، سیکریٹری الیکشن کمیشن اور دیگر فریقین سے جواب طلب کرلیا ہے۔دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ مجاز اتھارٹی چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ کو ہٹانے کے حوالے سے اپنا مائنڈ اپلائی کرے۔

عدالت کو آگاہ کیا جائے چیئرمین پی سی بی کا انتخاب کب ہونا ہے، پی سی بی انتخابات کے لئے انتخابی شیڈول کیوں نہیں آیا۔دوران سماعت درخواست گزار ذکا اشرف کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اگلے ایک ہفتے میں انتخابی شیڈول عدالت پیش کردیا جائے گا، ایک ہفتے میں ہی انتخابات کرائے جائیں گے۔وکیل نے بتایا کہ الیکشن کمشنر پی سی بی نے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا تھا، بورڈ آف گورنرز کے موجودہ اور سابق ممبران نے جاکر حکم امتناعی لے لیا۔

(جاری ہے)

وکیل ذکا اشرف نے عدالت کو بتایا کہ تنازعہ پیدا ہونے کے بعد وفاقی حکومت نے پی سی بی کا نیا بورڈ آف مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دے دیا، وزیراعظم نے کابینہ سے منظوری کے بعد بورڈ آف مینجمنٹ کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔موجودہ بورڈ آف مینجمنٹ نے انتخابات کرانے کا عمل شروع کیا۔ انتخابی عمل کے پہلے مرحلے میں جسٹس( ر) تصدق حسین جیلانی کو ایجوڈیکیٹر تعینات کیا۔سیکریٹری پی سی بی نے وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری کو ذکا اشرف کو ہٹانے کے لئے خط لکھ دیا۔عدالت نے وفاقی حکومت، سیکریٹری الیکشن کمیشن اور دیگر فریقین سے جواب طلب کر لیا۔