چیئرمین پی سی بی کا الیکشن ایک ہفتے میں ہونے کا امکان

ہفتہ 26 اگست 2023 15:11

چیئرمین پی سی بی کا الیکشن ایک ہفتے میں ہونے کا امکان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اگست2023ء) چیئرمین پی سی بی کا الیکشن ایک ہفتے میں ہونے کا امکان ہے۔سابق پیٹرن اور وزیر اعظم شہباز شریف نے ذکاء اشرف کو پی سی بی گورننگ بورڈ میں نامزد کیا تاہم معاملہ عدالت میں جانے پر چیئرمین کا الیکشن نہ ہوسکا، 6 جولائی کو انھیں 4 ماہ کیلئے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ کی ذمہ داریاں سونپی گئیں۔

چند روز قبل وزرات بین الصوبائی رابطہ امور نے ذکا اشرف کی تقرری کو سیاسی قرار دیتے ہوئے ایڈوائس کیلئے ایک سمری وزیراعظم ہاؤس بھجوا دی تھی، اس میں الیکشن کمیشن کے ان احکامات کا حوالہ دیا گیا کہ سیاسی تقرریاں رکھنے والے اداروں کے سربراہوں کو ہٹایا جائے۔دوسری جانب ایک دستاویز سامنے آئی کہ ذکا ء اشرف نے 19 جون کو ہی پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی اور بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دیدیا تھا۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ میں گزشتہ روز ہونے والی سماعت میں ان کے وکیل نے وفاقی وزارت کی جانب سے سمری کو چیلنج کردیا، اس موقع پر عدالت نے استفسار کیا کہ پی سی بی انتخابات کا شیڈول کیوں نہیں آیا۔ذکا ء اشرف کے وکیل نے کہا کہ اگلے ایک ہفتے میں انتخابی شیڈول عدالت میں پیش کردیا جائیگا، الیکشن بھی اسی ہفتے ہوں گے، انھوں نے بتایا کہ الیکشن کمشنر نے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا تھا۔

بورڈ آف گورنرز کے موجودہ اور سابق ممبران نے عدالت سے حکم امتناع لے لیا، تنازع کے بعد وفاقی حکومت نے نئی مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دی، وزیراعظم نے کابینہ سے منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کیا۔الیکشن کیلئے جسٹس(ر) تصدق حسین جیلانی کو ایجوڈیکیٹر تعینات کیا گیا ہے مگر سیکرٹری پی سی بی نے ذکا اشرف کو ہٹانے کیلیے خط لکھ دیا، وہ اپنی مرضی کا چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی لانا چاہتے ہیں، بورڈ کا ملک میں ہونے والے عام انتخابات سے کوئی تعلق نہیں، چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی پی سی بی کی تقرری وفاق نے کی۔

نگران حکومت منتخب حکومت کے فیصلوں کو ختم کرنے کا اختیار نہیں رکھتی، عدالت سیکرٹری آئی پی سی کی جانب سے لکھے گئے خط کو کالعدم قرار دے۔ عدالت نے وفاقی حکومت سمیت فریقین سے 28اگست کو جواب طلب کرلیا ہے۔