غازی یونیورسٹی میں ''روشن مستقبل کے لیے اصلاحات'' کے موضوع پر سیمینار

جمعہ 1 ستمبر 2023 11:31

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2023ء) غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان کے شعبہ اکنامکس اورانسٹیٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس اسلام آباد کی زیرسرپرستی ''روشن مستقبل کے لیے اصلاحات'' کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔غازی یونیورسٹی کے کانفرنس ہال میں منعقد ہونے والے سیمینار کی صدارت شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شعبہ اکنامکس کے سربراہ ڈاکٹر عمران لودھی نے کہا کہ اس سیمینار اور گروپ ڈسکشن کا مقصد پاکستان کی معاشی اصلاحات میں نوجوان نسل کو مواقع فراہم کرنے ہیں تاکہ وہ ان مسائل کے حل میں اپنا نقطہ نظر پیش کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان پرجوش اور با صلاحیت ہیں انہیں آگے بڑھنے کے لیے مناسب پلیٹ فارم کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک جس مشکلات سے گزر رہا ہے ایسے حالات میں اچھے ماہر معاشیات ہی موثر حکمت عملی سے بحران سے نکال سکتے ہیں۔ انہوں کہا کہ میں امید کرتا آج کی اس تقریب میں شریک طالب علم آگے بڑھ کر ملکی باگ ڈور سنبھالیں گے اور پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر طلباو طالبات نے ملک میں جدید اصلاحات لانے کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں۔سیمینار میں ڈاکٹر تہمینہ، ڈاکٹر صوبیہ، ڈاکٹر محمد علی تارڑ،ڈاکٹر سمیرا بانو اور ڈاکٹر فاطمہ گلزار اور طلباء و طالبات کی کثیر تعدادنے گروپ ڈسکشن میں حصہ لیا اور معاشی ریفارمز کے حوالے سے اپنا نقطہ نظر پیش کیا۔تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران کو سوئنیئر پیش کیا گیا۔