چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی،سروسز چیفس اور ملک کی مسلح افواج کا یوم دفاع و شہدا کے موقع پر شہداء، ان کے خاندانوں اور جنگ کے سابق فوجیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش

بدھ 6 ستمبر 2023 01:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2023ء) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی)،سروسز چیفس اور ملک کی مسلح افواج نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 58 ویں یوم دفاع و شہدا کے موقع پر شہداء، ان کے خاندانوں اور جنگ کے سابق فوجیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملک کی عسکری قیادت نے اپنے پیغام میں کہا کہ 6 ستمبر 1965 کو ایک بار پھر یہ ظاہر ہوا کہ ایک چھوٹی لیکن صالح قوت نے پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور ایمان کے ساتھ عددی اعتبار سے بڑے دشمن کو شکست دی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق درحقیقت یہ دن اور اس سے منسلک بہادری اور قربانیاں ہماری نسلوں کو متاثر کرتی رہتی ہیں، یہ دن ہمارے مادر وطن کے دفاع میں اتحاد اور قربانی کے جذبے کو اجاگر کرتا ہے،ہم اپنی آزادی اور امن کو اپنے شہداء اور سابق فوجیوں کی بے مثال قربانیوں کے مرہون منت ہیں، پاکستان کی مسلح افواج تمام اندرونی اور بیرونی خطرات کے خلاف مادر وطن کے دفاع کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔