سعودی ٹیچر کا طالب علموں کو خوشگوار سرپرائز

سکول میں آئس کریم کا ٹرک لے آیا‘ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوگئی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 6 ستمبر 2023 17:50

سعودی ٹیچر کا طالب علموں کو خوشگوار سرپرائز
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 ستمبر 2023ء ) سعودی ٹیچر نے سکول میں آئس کریم کا ٹرک لا کر طلباء کو خوشگوار حیرت میں ڈال دیا۔ گلف نیوز کے مطابق سعودی ٹیچر طالب علموں کو خوشگوار سرپرائز دیتے ہوئے سکول میں آئس کریم کا ٹرک لے آیا، جس کی سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوگئی، جس میں استاد کو اسکول میں آئس کریم کا ٹرک لا کر اپنے طلباء اور ساتھیوں میں آئس کریم کونز بانٹ کر انہیں حیران کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آئس کریم کی گاڑی سکول میں داخل ہوتی ہے، یہ لمحہ طلباء کے لیے باعث حیرت ہونے کے ساتھ انہیں خوشی بھی دیتا ہے، وہ آئس کریم میں سے اپنا حصہ لینے کے لیے جمع ہوتے اور تحفے پر خوشی کا اظہار کرتے نظر آتے ہیں جب کہ ٹیچر، جن کا نام نہیں بتایا گیا، وہ اس ویڈیو میں سعودی عرب کا روایتی لباس پہنے ہوئے نظر آتے ہیں، تاہم مملکت میں یہ واقعہ کب اور کہاں پیش آیا اس بارے میں کچھ معلوم نہیں ہوسکا۔

(جاری ہے)

سعودی ٹیچر کے اس عمل کی کافی تعریف بھی ہوئی، صارفین نے کہا کہ ’طلباء اسے کبھی نہیں بھولیں گے، یہ عمل ان کی یادوں پر ہمیشہ نقش رہے گا‘ ایک اور تبصرہ نگار نے کہا کہ "جب اسکول میں تفریح، خوشی، سرگرمیاں اور وابستگی ہوتی ہے تو طلباء اس کی طرف بہت زیادہ متوجہ ہوں گے" ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ ’خدا ٹیچر کو سلامت رکھے، جن کے ایک سادہ سے عمل سے طلباء کو بڑی خوشی ملی‘۔

بتایا جاتا ہے کہ سعودی عرب بھر میں 20 اگست کو مختلف تعلیمی مراحل میں 60 لاکھ سے زائد طلباء دو ماہ کی گرمیوں کی تعطیلات کے بعد اسکول واپس آئے، مملکت میں تین سمسٹر کا تعلیمی سال 38 ہفتوں پر محیط ہوتا ہے اور اس میں 68 دن کی گرمیوں کی چھٹیوں کے علاوہ 60 دن کی مختلف تعطیلات ہوتی ہیں جب کہ پہلا سمسٹر 16 نومبر تک چلتا ہے، دوسرا سمسٹر 10 دن بعد شروع ہو کر 22 فروری تک چلے گا، تیسرا 3 مارچ کو شروع ہو کر 10 جون کو ختم ہونا ہے۔