تاریخ میں پہلی بارجیل میں قائم یوٹیلٹی سٹور کا افتتاح

ہفتہ 9 ستمبر 2023 17:23

تاریخ میں پہلی بارجیل میں قائم یوٹیلٹی سٹور کا افتتاح
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2023ء) نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کوٹ لکھپت جیل کا دورہ کیا اورقیدیوں کو حقیقی ریلیف دینے کیلئے تاریخ میں پہلی بار جیل میں قائم یوٹیلٹی سٹور کا افتتاح کیا ۔یوٹیلٹی سٹور کے قیام سے جیل کنٹین کے دہائیوں پرانے استحصالی نظام کا خاتمہ ہوا ہے۔قیدی یوٹیلٹی سٹور سے معیاری اشیا سستے داموں خرید سکیں گے جبکہ جیل ملازمین بھی یوٹیلٹی سٹور سے خریداری کر سکیں گے ۔

قبل ازیں پنجاب حکومت اور یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے درمیان جیلوں میں یوٹیلٹی سٹورز کے قیام کیلئے کوٹ لکھپت جیل میں آج معاہدہ طے پا یا۔وزیر اعلی محسن نقوی کی موجودگی میں کوٹ لکھپت جیل میں معاہدے پر دستخط کئے گئے ۔انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات فاروق نذیر اور جی ایم آپریشنز یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن سردار محمد خان نے معاہدے پر دستخط کئے۔

(جاری ہے)

معاہدے کے تحت یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن پنجاب کی جیلوں میں یوٹیلٹی سٹورز قائم کرے گی۔مرحلہ وار پروگرام کے تحت پنجاب کی تمام جیلوں میں یوٹیلٹی سٹورز قائم کئے جائیں گے اور قیدیوں کو سستے داموں معیاری اشیا دستیاب ہوں گی۔قیدیوں کو جیل کنٹین کی من مانی قیمتوں کی وصولی سے مستقل نجات مل گئی ہے۔بعد ازاں وزیر اعلی محسن نقوی نے کوٹ لکھپت جیل میں قائم یوٹیلٹی سٹور کا افتتاح کیا اور یوٹیلٹی سٹور کا دورہ کیا ۔

وزیر اعلی نے یوٹیلٹی سٹور میں قیدیوں کیلئے فراہم کردہ اشیا کا معائنہ کیا اور یوٹیلٹی سٹور کو جیل کے احاطے کے اندر مناسب جگہ پر منتقل کرنے کا حکم دیا تا کہ یوٹیلٹی سٹور کی سہولت سے تمام قیدی مستفید ہو سکیں اور اپنی ضرورت کے مطابق اشیا کی خریداری کر سکیں ۔وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب کی تمام جیلوں میں یوٹیلٹی سٹورز قائم کئے جائیں گے۔

قیدی اپنی ضرورت کی معیاری اشیا مناسب داموں خرید سکیں گے ۔وزیر اعلی محسن نقوی نے پنجاب کی دیگر جیلوں میں 30 روز کے اندر یوٹیلٹی سٹور ز کے قیام کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہا کہ جیلوں میں بیکری بھی کھولی جائیں گی اور قیدی بیکری آئٹمز بھی مناسب نرخوں پر خرید سکیں گے۔وزیر اعلی محسن نقوی نے قیدیوں سے ملاقات کیلئے آنے والے عزیز و اقارب سے بھی ملاقات کی اور قیدیوں کے عزیز اقارب سے ان کے مسائل پوچھے اور ان کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات دیئے۔

متعلقہ عنوان :