استور میں ضمنی الیکشن کا سرکاری نتیجہ جاری کر دیا گیا

تحریک انصاف کے محمد خورشید خان نے 6164 ووٹ حاصل کرکے نشست اپنے نام کر لی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 11 ستمبر 2023 12:28

استور میں ضمنی الیکشن کا سرکاری نتیجہ جاری کر دیا گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 11 ستمبر2023ء) استور میں ضمنی الیکشن کا سرکاری نتیجہ جاری کر دیا گیا۔ تحریک انصاف کے خورشید خان کامیاب ہو گئے۔استور ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف نے میدان مار لیا، حلقہ جی بی 13 استور 1 کے تمام پولنگ اسٹیشنز کا سرکاری نتیجہ جاری کر دیا گیا جس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے خورشید شاہ نے 6164 ووٹ حاصل کرکے نشست اپنے نام کر لی۔

دوسرے نمبر پر پاکستان مسلم لیگ ن کے فرمان علی نے 4899 ووٹ حاصل کیے۔جب کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار عبدالحمید خان نے 4125 ووٹ حاصل کیے۔ سابق وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید کی خالی ہونے والی نشست پر بروز ہفتہ 9 ستمبر 2023 کو استور جی بی 13 حلقہ 1 میں ضمنی الیکشن صبح 8 بجے سے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہا۔

(جاری ہے)

استور حلقہ ون میں ٹوٹل 56 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ،12 پولنگ اسٹیشن کو حساس جبکہ 44 پولنگ اسٹیشن کو نارمل قرار دیا گیا۔

استور این اے 13 حلقہ ون میں کل ووٹرز کی تعدد 33378 ہے، مرد ووٹرز کی تعدد 18231 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعدد 15147 ہے۔ صبح 8 بجے سے لے کر شام 5 بجے تک پولنگ پرامن طریقے سے جاری و ساری رہی، دوران پولنگ کسی بھی پولنگ اسٹیشن پر کسی قسم کی بدامنی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا تاہم گذشتہ روز الیکشن کا سرکاری نتیجہ روک دیا گیا تھا جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دھرنا دیا گیا تھا۔

خالد خورشید نے گزشتہ رات سے سرکاری نتیجہ کے حصول کیلئے دھرنا دے رکھا تھا۔ یاد رہے کہ 4جولائی کو گلگت بلتستان کی چیف کورٹ نے وزیر اعلیٰ خالد خورشید خان کو جعلی ڈگری کیس میں نااہل قرار دے دیا تھا۔جسٹس ملک عنایت الرحمن، جسٹس جوہر علی اور جسٹس محمد مشتاق پر مشتمل تین رکنی بینچ نے وزیر اعلیٰ کے خلاف نااہلی کی درخواست پر فیصلہ جاری کیا تھا۔