سپریم کورٹ نے عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم کرانے کی دانیہ عامر کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا

اب تک تو باڈی ڈی کمپوز ہو چکی ہو گی، سپریم کورٹ نے عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم کرانے کی درخواست خارج کردی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 12 ستمبر 2023 14:37

سپریم کورٹ نے عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم کرانے کی  دانیہ عامر کی درخواست ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ،تازہ ترین اخبار ۔ 12 ستمبر 2023ء) سپریم کورٹ نے معروف سیاسی شخصیت، سابق رکن اسمبلی اور معروف اینکر عامر لیاقت کی پوسٹ مارٹم کی درخواست خارج کردی۔عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ دانیہ عامر کی جانب سے پوسٹ مارٹم کرانے کی درخواست دائر کی تھی۔ کیس کی سماعت جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔دورانِ سماعت جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دئیے کہ اب تو یہ درخواست غیر موثر ہو چکی ہے۔

وکیل دانیہ عامر نے کہا کہ عدالت مہلت دے تو کچھ دستاویزات جمع کروانا چاہتا ہوں۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دئیے کہ اتنے سال بعد باڈی نکالنے سے کیا حاصل ہو گا۔وکیل نے کہا کہ اہم معاملہ ہے، چاہتے ہیں پوسٹ مارٹم ہو اور وجوہات سامنے آئیں۔جسٹس شاہد وحید نے ریمارکس دئیے کہ اب تک تو باڈی ڈی کمپوز ہو چکی ہو گی۔

(جاری ہے)

وکیل دانیہ عامر نے کہا کہ عدالت اجازت دے تو درخواست واپس لینا چاہتے ہیں۔

بعدازاں عدالت نے کیس واپس لینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کیس خارج کردیا۔خیال رہے کہ کراچی کی مقامی عدالت نے ڈاکٹر عامر لیاقت کی قبر کشائی کے لئے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا تھا ، قبرکشائی ، طبی معائنے اور پوسٹ مارٹم سے متعلق متفرق درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے جوڈیشل مجسٹریٹ کراچی نے سیکرٹری محکمہ صحت سندھ کو میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم جاری کیا اور کہا گیا کہ محکمہ صحت سندھ میڈیکل بورڈ تشکیل دے اور قبر کشائی کی تاریخ متعین کرے۔

تحریک انصاف کے سابق رہنماء فواد چوہدری نے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم کے عدالتی حکم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ، انہوں نے کہا کہ عامر لیاقت کا انتقال ہوگیا ہے ان کے بچے بھی یہی کہہ رہے ہیں کہ پوسٹ مارٹم نہیں ہونا چاہیے لیکن عدالتوں کا ایک رواج بن گیا ہے کہ بغیر کسی وجہ کے ہر جگہ عدالت نے کوئی نہ کوئی پنگا لینا ہے ، جہاں کوئی تک نہیں بھی بنتی تو اس میں بھی کوئی مجسٹریٹ ایسے ہی گھس جاتا ہے۔