کالا باغ ڈیم برسراقتدار جرنیلوں کے اختلاف کے باعث نہیں بن سکا‘ بلیغ الرحمن

صدر ایوب نے ملک کے تین دریا بھارت کے حوالے کردئیے، ماضی کے غلط فیصلوں کی سزا آج عوام بھگت رہے ہیں ‘ گورنر پنجاب

جمعرات 14 ستمبر 2023 18:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2023ء) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم برسراقتدار جرنیلوں کے اختلاف کے باعث نہیں بن سکا ،صدر ایوب نے ملک کے تین دریا بھارت کے حوالے کردئیے، ماضی کے غلط فیصلوں کی سزا آج عوام بھگت رہے ہیں ،سستی بجلی کے لئے ہمیں متبادل ذرائع پر انحصار کرنا ہو گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپو سنٹر میں پاکستان انرجی کانفرنس اور تین روز ہ نمائش کے موقع پر سٹالز کا معائنہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ کالا باغ ڈیم توانائی کے حصول کیلئے ناگزیر ہے یہ بنی بنائی جھیل پر سستا ترین منصوبہ ناعاقبت اندیشوں نے نہیںبننے دیا ،صدر ایوب نے تین دریا بھارت کو بیچ دیئے ،جنرل ضیا ء الحق اور جنرل فضل الحق نے کالا باغ ڈیم نہ بننے دیا ۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کسی بھی ملک کی اہم ضرورت ہے اور توانائی نمائش کا انعقاد وقت کی ضرورت ہے تاکہ پرائیویٹ سیکٹر کے آنے سے توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد مل سکے، آج مہنگی ترین بجلی تجارت اور عام آدمی کے لئے مسئلہ بنا ہوا ہے اسے جلد حل کرنا ہو گا ۔