ذ*قلات ، لانگ مارچ کے شرکاء کا میرٹ کی پامالی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

جمعرات 21 ستمبر 2023 20:10

ؔکوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 ستمبر2023ء) قلات سے لانگ مارچ کے شرکاء نے میرٹ کی پامالی کے خلاف جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر نعرے درج تھے۔

(جاری ہے)

مظاہرین سے جمعیت علماء اسلام نظریاتی قلات کے ضلعی جنرل سیکرٹری مولوی منیر احمد، جمعیت طلباء اسلام نظریاتی پاکستان کے مرکزی صدر مولوی لبیب احمد درخواستی ، جنرل سیکرٹری حافظ عبدالصمد ، سابق مرکزی صدر عبدالرحیم صباء، ضلع کوئٹہ کے کنوینئر عزیز اللہ درویش، عبدالوحید ، قبائلی و سیاسی رہنماء میر عبدالصمد لہڑی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی محکموں میں میرٹ کی پامالی کرکے حقداروں کو ان کے حق سے محروم کردیا ہے۔

ضلع قلات میں محکمہ صحت کی پوسٹوں پر بندر بانٹ کرکے من پسند اور خرید و فروخت کے ذریعے گھر بیٹھے بغیر ٹیسٹ و انٹرویو کے نا اہل لوگوں کو نوازا گیا ہے اس کی ہم بھر پور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں کہ اگر ہارے مطالبات حل نہ کئے گئے تو ہم گورنر ہائوس، سول سیکرٹریٹ کے سامنے اپنا احتجاجی کیمپ لگا کربیٹھ جائیں گے جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔ مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کرتے ہوئے منتشر ہوگئی