امسال صوبہ پنجاب میں55 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ دھان کے زیرِ کاشت لایا گیا ہے۔سیکرٹری زراعت پنجاب

جمعہ 22 ستمبر 2023 22:07

جڑانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 ستمبر2023ء) سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا ہے کہ امسال صوبہ پنجاب میں55 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ دھان کے زیرِ کاشت لایا گیا ہے۔ دھان کی فصل کوبیماریوں اور ضرررساں کیڑوں کے حملہ سے بچانے کے لئے ایکسٹینشن سروسز کو موثر بنایا جائے اور کاشتکاروں کو آئندہ35روز کے لئے ایک جامع حکمت عملی مرتب کرکے پہنچائی جائے۔

انھوں نے مزید کہا کہ سموگ سے بچاؤ کیلئے دھان کے کاشتکاروں کو کٹائی کے بعد مڈھوں کو آگ نہ لگانے سے متعلق جاری آگاہی مہم میں تیزی لائی جائے۔اس ضمن میں حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق دھان کے کاشتکاروں سے کٹائی کے بعد مڈھوں کو آگ نہ لگانے سے متعلق بیانِ حلفی لیا جائے۔ وہ آج پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ لاہور میں منعقدہ اجلاس کے دوران صوبہ میں دھان کی فصل کی موجودہ صورتحال اور کٹائی کے بعد مڈھوں کو آگ نہ لگانے سے متعلق حکمت عملی کا جائزہ لے رہے تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس پنجاب محمد شبیر احمد خان،ایڈیشنل سیکرٹری زراعت(پلاننگ) کیپٹن (ر) وقاص رشید،ڈائریکٹر جنرل زراعت(توسیع) ڈاکٹر اشتیاق حسن، ڈائریکٹر جنرل زراعت(پیسٹ وارننگ) پنجاب رانا فقیر احمد ،ڈائریکٹر جنرل زرعی شماریات ڈاکٹر عبدالقیوم ،ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجا ب رائے مدثر عباس سمیت ڈائریکٹرز زراعت توسیع لاہور، گوجرانوالا،گجرات،فیصل آباد اور ساہیوال ڈویژن نے شرکت کی۔

اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبہ بھر میںدھان کی فصل بہت اچھی حالت میں ہے اور امسال اس سے بمپر پیداوار کا حصول متوقع ہے۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ دھان کی کٹائی کے بعد مڈھوں کو آگ لگانے سے سموگ کا اندیشہ ہوتا ہے ۔کاشتکاروں کو آگاہی دی جائے کہ وہ محکمہ زراعت کی ہدایات کے مطابق دھان کے مڈھوں کی تلفی کریں۔

امسال حکومت پنجاب نے دھان کے مڈھوں کو آگ لگانے پر15 ہزار روپے فی ایکڑ جرمانہ اور ایف آئی آر کا اندراج عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے۔تمام ایسے عناصر جو دھان کے مڈھوں کو آگ لگانے کے واقعات میں ملوث پائے جائیں اُن کے خلاف قانون کے مطابق فوری کاروائی عمل میں لائی جائے،خاص طور پر موٹر وے کے اردگرد واقع دھان کے مڈھوں کو آگ نہ لگانے کی سختی سے مانیٹرنگ کی جائے۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت نے مزید کہا کہ محکمہ زراعت نے دھان کے مڈھوں کی تلفی کیلئے سبسڈی پر جدید مشینری بھی فراہم کی ہے ۔سیکرٹری زراعت نے دھان کے کاشتکاروں کی آگاہی کے لئے رائس ریسرچ انسٹیٹوٹ کالا شاہ کاکو میں ٹیکنیکل سیشن کے انعقاد کی ہدایات کیں۔