مصر کا یمن میں جاری بحران کے حل کے لیے سعودی عرب اور عمان کی مساعی کا خیر مقدم

یمن میں بحران کے خاتمے کے لیے تمام کوششوں کو یکجا کرنے کی ضرورت ہے،مصری وزارت خارجہ

ہفتہ 23 ستمبر 2023 13:25

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2023ء) مصر نے یمن کے بحران کے پائیدار حل کی حمایت کے لیے سعودی عرب اور سلطنت عمان کی طرف سے کی جانے والی مساعی کا خیر مقدم کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں مصر نے کہا کہ وہ صنعا سے یمنی وفد کے ساتھ مذاکرات کے دور کی میزبانی کرنے پر سعودی عرب کا خیر مقدم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں مصر نے یمن میں بحران کے خاتمے کے لیے تمام کوششوں کو یکجا کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور خلیجی اقدام اور اس کے نفاذ کے طریقہ کار کی طرف سے پیش کردہ منظور شدہ حل کے حوالہ جات کی بنیاد پر ایک پائیدار سیاسی حل تک پہنچنے کا مطالبہ کیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ مصر یمن بحران کے سیاسی حل کے لیے سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2216 پر عمل درآمد پر زور دیتا رہے گا۔وزارت خارجہ نے یمن میں متحارب فریقین کے درمیان اختلافات کو سفارت کاری اور سیاسی طریقے سے حل کرنے ، یمن کی سلامتی، خود مختاری اور سالمیت برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔