دبئی میں آئی فون 15 کے خریداروں کی لمبی قطاریں لگ گئیں

آئی فون کی شوقین نو عمر لڑکی اپنا پسندیدہ موبائل خریدنے ماسکو سے دبئی پہنچی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 23 ستمبر 2023 14:26

دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 ستمبر 2023ء ) متحدہ عرب امارات کی معروف ریاست دبئی میں آئی فون 15 کے خریداروں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، آئی فون کی شوقین نو عمر لڑکی اپنا پسندیدہ موبائل خریدنے ماسکو سے امارات پہنچ گئی۔ دی نیشنل نیوز کے مطابق دبئی مال میں فروخت ہونے والے تازہ ترین آئی فون 15 کو خریدنے والے پہلے لوگوں میں سے سینکڑوں افراد جمعہ کی صبح کے اوائل سے ہی قطار میں کھڑے تھے، اسٹور کھلنے کا انتظار کرتے ہوئے مال کے اندر جمع ہونے والے بڑے ہجوم کو منظم کرنے کے لیے اضافی سکیورٹی تعینات کی گئی۔

بتایا گیا ہے کہ ماسکو سے تعلق رکھنے والی 15 سالہ صوفیہ تارسووا ایپل کی مصنوعات خریدنے کے ارادے سے ایک ہفتے کے لیے اپنے بھائی کے ساتھ دبئی آئی، جس نے 4 آئی فونز خریدے جنہیں وہ روس میں فروخت کرنا چاہتی ہے، جس کو توقع ہے کہ آئی فون 15 پرو میکس وہاں تقریباً 4 ہزار 500 ڈالرز میں فروخت ہوگا کیوں کہ ایپل روس میں بھی بہت مقبول ہے جہاں بہت سے لوگوں کو آئی فون پسند ہے اور وہ اسے استعمال کرنے میں زیادہ آرام دہ ہیں لیکن بہت سی پابندیوں کے باعث یہ لوگ آئی فونز روس میں نہیں خرید سکتے اس لیے وہ دبئی آتے ہیں۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ ہر سال جب ایپل اپنی تازہ ترین پراڈکٹس لانچ کرتا ہے تو سب سے پہلے ان ڈیوائسز کو لینے کے لیے بہت زیادہ رش ہوتا ہے جو کچھ لوگوں کے لیے اسٹیٹس سمبل بن چکے ہیں، ڈائی ہارڈ ایپل کے شائقین کو قطار میں سب سے آگے شامل ہونے کے لیے ایک کیو آر کوڈ دیا گیا تھا لیکن ڈیوائسز کی زیادہ مانگ کی وجہ سے وہ فی شخص زیادہ سے زیادہ 2 نئے فون خریدنے تک محدود تھے۔