بجلی چوری پر سو فیصد کنٹرول کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس حیسکو انتظامیہ سے تعاون کریں، ڈویژنل کمشنر حیدرآباد سید خالد حیدر

منگل 26 ستمبر 2023 19:40

ٹنڈومحمدخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2023ء) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد سید خالد حیدر شاہ نے کہا ہے کہ شفاف اور غیر جانبدارانتخابات کرانے کے لیے تمام ادارے اپنا قومی فرض سمجھ کر الیکشن کمیشن سے تعاون کریں، نامزد پولنگ اسٹیشنز پر مطلوبہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے ضلعی سطح پر موثر طریقے سے کام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، ضلع میں جاری اسکیموں کو جلد از جلد مکمل کرکے متعلقہ محکموں کے حوالے کیا جائے تاکہ سرکاری اموراحسن طریقے انجام پاسکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ڈی سی کمپلیکس ہال ٹنڈومحمدخان میں ضلع بھر کے افسران کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلع میں بجلی چوری کے لیے کنڈا کنکشن سمیت دیگر غیر قانونی طریقوں کا خاتمے کو سو فیصد ممکن بناتے ہوئے بجلی کے بقایاجات کی وصولی کے عمل کو تیز کیاجائے، بجلی چوری کے باعث بجلی کا بل ادا کرنے والے صارفین کے لیے مسائل پیدا ہوتے ہیں اس لیے چوری میں ملوث افراد کے خلاف بلا تفریق کارروائی حیسکو انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے میونسپل کمیٹی افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع ٹنڈومحمدخان میں سلاٹر ہائوس نہ ہونے کی وجہ سے بڑے گوشت میں شکایات موصول ہورہی ہیں، جلد ہی ضلع میں سلاٹر ہائوس قائم کرکے قصابوں کو لائسنس جاری کیے جائیں گے تاکہ گوشت کی فروخت کا عمل اور معیار کو بہتر کیاجاسکے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ٹنڈومحمدخان دھرمو باوانی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ ڈسٹرکٹ ٹنڈومحمدخان ایک ڈسٹرکٹ کونسل ،2ٹائون کمیٹیزاور 28 یونین کونسلز پر مشتمل ہےاس میں قومی اسمبلی کی ایک ، صوبائی اسمبلی کی 2 نشستیں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت روڈزکی 164 اسکیموں پر کام جاری ہے جن میں سے 19 نئی اور145 جاری اسکیمیں شامل ہیں ۔ پبلک ہیلتھ کی دو نئی اسکیمیں جبکہ ایجوکیشن ورکس کی36اسکیموں پر کام جاری ہے جنہیں مقررہ وقت پر مکمل کیاجائیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پروڈکشن بونس میں سے 2اسکیموں پر کام جاری ہے جس میں ضلع میں لاء کالج کا 50 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ سندھ فلڈ ایمرجنسی ہائوسنگ ری کنسٹرکشن پروجیکٹ کے تحت ضلع میں 28ہزار 456 مکانات تعمیر کیے جائیں گے جس میں سے اس وقت تک 1228 مکانات کا کام شروع ہوچکا ہے جن میں پہلے مرحلے کے تحت 986 مکانات کا بنیاد کا کام بھی مکمل ہوچکا ہے ۔

اس موقع پر ایکسین حیسکو نے بتایا کہ بجلی کی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 1345 غیر قانونی کنیکشنز کاٹے گئے جبکہ چوری میں ملوث بیس افراد کےخلاف ایف آئی آر درج ہوچکی ہیں جن میں سے 208 افراد کے خلاف ایف آئی آر کے لیے متعلقہ پولیس اسٹیشنز پر درخواستیں دی گئیں ہیں اور بجلی چوری میں ملوث ایک حیسکو افسر کے خلاف ایکشن بھی لیا گیاہے ۔

اجلاس میں ایس ایس پی ٹنڈو محمد خان سید سلیم شاہ ،اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈو غلام حیدر عمران راجپوت، ضلع ہیلتھ آفیسر محمد یوسف جیجہو، چیف میونسپل آفیسر اعجاز ملاح ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نعیم میمن ، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ غلام مصطفیٰ ،ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر سہیل احمد تالپور اور ضلع کے دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔