بھارت میں حکومتی سرپرستی میں اقلیتوںپر مظالم ڈھائے جارہے ہیں، خلیل جارج

بدھ 27 ستمبر 2023 21:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2023ء) پاکستان کے نگران وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج نے کہا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پاکستان بھارت سے کہیں بہتر ہے کیونکہ بھارت میں مذہبی اقلیتی برادریوں پر حملے ہو رہے ہیں اور ریاست انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں براہ راست ملوث ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق خلیل جارج نے پی ٹی وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اقلیتی برادریوں کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا گیا ہے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ عیسائیوں، سکھوں، ہندوؤں اور پارسیوں سمیت تمام اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کیا ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان قائداعظم اور علامہ محمد اقبال کی تعلیمات کے مطابق آگے بڑھے گا جنہوں نے تمام مذاہب کے درمیان امن اور بھائی چارے پر زور دیا۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مودی حکومت مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کو ہراساں کرنے کے لیے ہندوتوا کے نظریے کو فروغ دے رہی ہے۔خلیل جارج نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ عملی اقدامات کرے اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بھارتی حکومت پر دباؤ ڈالے۔