عالمی یوم سیاحت،وادی ما لم جبہ میں ریزورٹ کے تعاون سے اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے آگاہی واک کا انعقاد

بدھ 27 ستمبر 2023 19:05

ی* پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 ستمبر2023ء) عالمی یوم سیاحت کے موقع پروادی ما لم جبہ میں اسکی ریزورٹ کے تعاون سے اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے آگاہی واک کا انعقاد کیاگیا جس میں ڈپٹی کمشنر سوات ڈاکٹر قاسم علی خان،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرسہیل خان،ریجنل سپورٹس آفیسر شکیل احمد،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر عبید اللہ خان،ڈسٹرکٹ یوتھ ٓافیسر فرہاد علی خان،اسسٹنٹ ڈئرایکٹر اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی،اسسٹنٹ کمشنر چارباغ، ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر، ڈائریکٹر سمسن گروپ آف کمپنی واصف الرحمان اور کثیر تعدادمیں سیاحوں اور اسکول کے بچوں نے شرکت کی۔

عالمی یوم سیاحت کی مناسبت سے اس سال ورلڈ ٹورازم ارگنائزیشن کی جانب سے گرین انویسٹمنٹ سلوگن کے تحت وادی ملم جبہ سمیت سوات کی دیگر سیاحتی مقامات کی خوبصورتی برقرار رکھنے اور قدرتی آفات سے کم سے کم نقصان کے لئے ڈپٹی کمشنر سوات ڈاکٹر قاسم علی خان نے سیاحوں کے ساتھ پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کردیا۔

(جاری ہے)

مالم جبہ میں سیاحوں،اسکول کے طلباء سمیت دیگر محکموں کے افسران نے ایک ہزار سے زائد پودے لگائے۔

ڈپٹی کمشنر سوات نے اس موقع پر کبوتر بھی فضامیں چھوڑ دئے جس کا مقصد سیاحوں کو یہ پیغام دیناتھا کہ وادی سوات میں امن قائم ہے اور سیاح بلاخوف و خطر سوات کا رخ کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سوات ڈاکٹر قاسم علی خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا کے لئے ایک واضح پیغام ہے کہ سیاحت ترقی اور باہمی افہام و تفہیم کے لیے ایک طاقتور قوت ہے لیکن ترقی پذیر ممالک سمیت پاکستان کو بھی موسمیاتی تغیرا ت کاسامناہے اگر ہم سب نے ملکر حسین وادی ضلع سوات کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لیے شجر کاری مہم میں بھر پور حصہ لیا تو مستقبل قریب میں قدرتی آفات سے کم سے کم نقصان ہوگا۔۔