چھوٹی سی غلطی نے اپنی ہی کمپنی میں ڈکیتی کے ملزمان پکڑوا دیئے

ماسٹر مائنڈ نے 10 لاکھ درہم کی کامیاب ڈکیتی کے بعد دروازے کو لات مار کر جوتوں کے نشان چھوڑ دے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 28 ستمبر 2023 13:53

چھوٹی سی غلطی نے اپنی ہی کمپنی میں ڈکیتی کے ملزمان پکڑوا دیئے
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 ستمبر 2023ء ) متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں چھوٹی سی غلطی کی وجہ سے ڈکیتی کے ملزمان پکڑے گئے۔ البیان عربی اخبار نے رپورٹ کیا ہے کہ دبئی پولیس نے 10 لاکھ درہم کی ڈکیتی میں ملوث گروہ کو گرفتار کیا ہے، اس ڈکیتی کا آغاز دبئی میں ایک کمپنی کے ساتھ ہوا جس میں اس کے لاکرز سے 10 لاکھ درہم کے نقصان کی اطلاع دی گئی، جس پر تحقیقاتی اور فرانزک ٹیموں کو جائے وقوعہ پر تعینات کیا گیا، جہاں انہوں نے یرغمال بنائے گئے چار ملازمین کی چونکا دینے والی کہانی دریافت کی اور کیپٹن حمدان اہلی کی سربراہی میں ماہرین کی ٹیم نے ڈکیتی کے طریقہ کار سے پردہ اٹھایا اور اس کے پیچھے ماسٹر مائنڈ کو بے نقاب کیا۔

رپورٹ کے مطابق ملزمان کمپنی کے مرکزی دروازے سے داخل ہوئے اور ملازمین کے ہاتھوں کو پلاسٹک کی رسیوں سے باندھنے سے پہلے ان پر حملہ کیا اور چوتھے ملازم کو کمپنی کی سیف خالی کرنے اور تھیلے بھرنے کے لیے کہا گیا۔

(جاری ہے)

کیپٹن حمدان نے نشاندہی کی کہ جیسے ہی گینگ جائے وقوعہ سے نکلا تو چوتھے ملازم نے اپنے ساتھیوں کو رہا کر دیا اور دبئی پولیس کو اطلاع دی، ٹیم نے اس دروازے سے تفتیش شروع کی جہاں سے ملزمان داخل ہوئے تھے، جہاں انہیں جوتوں کے نشانات نظر آئے، ملزمان نے اپنے جوتے کے نشانات پیچھے چھوڑ کر دروازے کو لات ماری تھی، ٹیم نے جائے وقوعہ پر پھینکی گئی پلاسٹک کی رسیوں کا بھی جائزہ لیا اور دیکھا کہ انہیں تیز دھار آلے سے کاٹا گیا تھا، تاہم رسیوں کے قریب یہ آلہ نہیں ملا، یہ آلہ قینچی کا ایک جوڑا سمجھا جاتا تھا جو بعد میں ایک دراز میں چھپا ہوا پایا گیا۔

مزید تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ دروازے پر جوتے کا پرنٹ چوتھے ملازم سے ملتا ہے، جس نے بعد میں ڈکیتی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس کے پیچھے اصل ماسٹر مائنڈ تھا، جس نے اپنے ساتھیوں کو حصہ لینے پر آمادہ کیا، پولیس کو جرم کے بارے میں فوری آگاہ کیا، تاکہ اس پر کسی قسم کا شک نہ کیا جاسکے۔