چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور سپریم کورٹ کے سینئر پیونے جج جسٹس سردار طارق مسعود کی دعوت پر اٹارنی جنرل فار پاکستان، ایڈووکیٹ جنرل، صوبوں اور قومی احتساب بیورو کے پراسیکیوٹرز جنرل کی ملاقات

جمعرات 28 ستمبر 2023 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2023ء) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور سپریم کورٹ کے سینئر پیونے جج جسٹس سردار طارق مسعود کی دعوت پر اٹارنی جنرل فار پاکستان، ایڈووکیٹ جنرل، صوبوں اور قومی احتساب بیورو کے پراسیکیوٹرز جنرل نے ان سے ملاقات کی ہے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کے افسر تعلقات عامہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق جمعرات کو یہاں ہونے والی ملاقات کے موقع پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے شرکا ء کا خیرمقدم کیا اور نشاندہی کی کہ سپریم کورٹ میں سب سے زیادہ مدعی وفاقی اور صوبائی حکومتیں ہیں، جو ان کے لاء آفیسرز کو پاکستان کے قانونی نظام کا ایک اہم جزو بناتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تاریخی طور پر بہت کم کہا گیا ہے کہ انصاف کا یہ نظام کیسے چلتا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ہر لا ء آفیسر کو باری باری کہا گیا کہ وہ سپریم کورٹ کی کارکردگی اور کام کو بہتر بنانے کے لئے اپنی تجاویز دیں۔ لاء افسران نے اکتوبر 2023 کے لئے ماہانہ کاز لسٹ جاری کرنے کے اقدام کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ سپلیمنٹری کاز لسٹیں بہت تاخیر سے جاری کی جاتی ہیں اور انہیں اپنے کیسز کی تیاری کے لئے مناسب وقت نہیں دیا جاتا۔

انہیں یقین دلایا گیا کہ ان کی تشویش پر غور کیا جائے گا۔ ملاقات کے دوران دیگر قیمتی تجاویز بھی پیش کی گئیں جن میں سے کچھ کو قبول کر لیا گیا اور دیگر کا جائزہ لیا جائے گا۔ لاء افسران نے اجلاس کی میزبانی کرنے پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور سینئر پیونے جج جسٹس سردار طارق مسعود سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا اجلاس ہے۔ بعد ازاں شرکاء کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے اجلاس کے شرکاء کا ایک گروپ فوٹو بھی بنایا گیا۔