Live Updates

اگر سیاسی لوگ ایماندار ہوتے تو ملک کا یہ حال نہ ہوتا، پرویز خٹک

ہم کب تک کھوکھلے نعروں کے پیچھے بھاگیں گی ،عمران خان نے نئے پاکستان کا جھوٹا نعرہ لگایا اور ملک کو تباہ کردیا،کرپٹ حکمران کبھی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن نہیں کرسکتا،ہم ایمانداری سے عوام کی خدمت کریں گے،جلسے سے خطاب

ہفتہ 30 ستمبر 2023 22:28

اگر سیاسی لوگ ایماندار ہوتے تو ملک کا یہ حال نہ ہوتا، پرویز خٹک
کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2023ء) پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین کے سربراہ اور سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے سیاستدانوں کی ایمانداری پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ اگر سیاسی لوگ ایماندار ہوتے تو ملک کا یہ حال نہ ہوتا،ہم کب تک کھوکھلے نعروں کے پیچھے بھاگیں گی ،عمران خان نے نئے پاکستان کا جھوٹا نعرہ لگایا اور ملک کو تباہ کردیا،کرپٹ حکمران کبھی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن نہیں کرسکتا،ہم ایمانداری سے عوام کی خدمت کریں گے۔

ہفتہ کو یہاں پی ٹی آئی پی کے جلسے سے خطاب میں پرویز خٹک نے کہا کہ اگر سیاسی لوگ ایماندار ہوتے تو ملک کا یہ حال نہ ہوتا۔انہوں نے دوران جلسہ استفسار کیا کہ ہم کب تک کھوکھلے نعروں کے پیچھے بھاگیں گی سابق وزیر دفاع نے کہا کہ چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) ویسٹرن روٹ میں نے منظور کیا تھا، ہم ہی نے 18 لاکھ عوام کو مفت صحت کارڈ مہیا کیے تھے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے نئے پاکستان کا جھوٹا نعرہ لگایا اور ملک کو تباہ کردیا۔پرویز خٹک نے کہا کہ دیگر سیاسی رہنماؤں سمیت چیئرمین پی ٹی آئی نے بھی پاکستان کو قرضوں میں جکڑ دیا، ہمیں چیئرمین پی ٹی آئی سے بہت امیدیں تھیں، مگر وہ صرف امیدیں ہی تھیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پی نعروں کے لیے نہیں آئی، ہم ایمانداری سے عوام کی خدمت کریں گے، جنوبی اضلاع بہت پسماندہ رہ گئے ہیں، ان کے لیے بہت کچھ کرنا ہے۔سابق وزیر دفاع نے کہا کہ کرپٹ حکمران کبھی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن نہیں کرسکتا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات