ابتک کپاس کی33لاکھ66ہزار گانٹھیں حاصل ہوچکیں ،محکمہ زراعت

پیر 2 اکتوبر 2023 14:20

ابتک کپاس کی33لاکھ66ہزار گانٹھیں حاصل ہوچکیں  ،محکمہ زراعت
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2023ء) پنجاب کے کپاس کی پیداوار کے علاقوں بشمول جنوبی پنجاب سے ابتک کپاس کی33لاکھ66ہزار گانٹھوں کی پیداوار حاصل کی جا چکی ہے اوریہ پیداوار گزشتہ مالی سال کی پیداوار20 لاکھ47 ہزار گانٹھوں کے مقابل64.4 فیصد زیادہ ہے جس کی بڑی وجہ سازگار موسم،حکومت کی ترغیبات اور کاشتکاروں کی محنت ہے جبکہ کپاس کی زیادہ پیداوار کاشتکاروں کی خوشحالی اور ملکی معیشت کے استحکام کا باعث بنے گی۔

پرنسپل ایگریکلچر آفیسر و ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آبادچوہدری عبدالحمید نے اے پی پی کو بتایا کہ سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی خصوصی ہدایت پرکپاس کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار کے حصول کیلئے محکمہ زراعت کی ٹیمیں آخری ٹینڈے کی چنائی تک کھیتوں میں کاشتکاروں کے شانہ بشانہ شریک رہیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ صوبہ بھرمیں کپاس کی چنائی کا عمل جاری ہے جبکہ موجودہ سال کپاس کے ٹینڈوں کا اوسط وزن2.93گرام ریکارڈ کیا گیا ہے جوگزشتہ سال2.59 گرام تھااس طرح امسال کپاس کے ٹینڈوں کے اوسط وزن میں 13 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کپاس کے ضرررساں کیڑوں کے تدارک کیلئے جاری مہم اور موسم ساز گار ہونے کے باعث اب کیڑوں کے حملہ کی شدت میں کمی آچکی ہے تاہم کپاس کے کھیتوں میں مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے اور کسی بھی رپورٹ ہونیوالے ہاٹ سپاٹ ایریا پر فوری جدید کیمسٹری کی حامل زرعی ادویات کا سپرے کروایا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایاکہ تمام ڈویژنل ڈائریکٹرز زراعت توسیع کو جننگ فیکٹریوں میں کپاس کی آمد کا ریکارڈ احتیاط سے مرتب کرنے اور ایسی جننگ فیکٹریاں جوانڈر رپورٹنگ کر رہی ہیں ان کی نشاندہی کرنے کی ذمہ داری بھی تفویض کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کپاس کی قیمتیں مستحکم رکھنے کیلئے تمام ممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ کاشتکاروں کو ان کی محنت کا معقول معاوضہ دلوایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :