حکومت پنجاب کی جانب سے مشینی کاشت کے فروغ سے فصلوں کی پیداوار بڑھانے کے منصوبہ کا آغاز

پیر 2 اکتوبر 2023 15:04

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2023ء) حکومت پنجاب کی جانب سے مشینی کاشت کے فروغ سے فصلوں کی پیداوار بڑھانے کے منصوبہ کا آغاز کر دیا گیاہے جس کیلئے پنجاب کے تمام اضلاع میں سبسڈی پر زرعی مشینری و آلات کی فراہمی کیلئے کاشتکاروں سے درخواستیں بھی طلب کر لی گئی ہیں جبکہ اس ضمن میں کاشتکاروں کوزرعی مشینری کی خریداری کیلئے 60فیصد سبسڈی کی فراہمی کی جائے گی جس کیلئے خواہشمند کاشتکار16اکتوبر 2023تک درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔

نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان کے مطابق درخواست گزار کم از کم 50ہارس پاور کے ٹریکٹر کا مالک،نہری علاقوں میں 25ایکڑ تک اور بارانی علاقوں میں 50ایکڑ تک زرعی زمین کا مالک یا مزارع ہو جبکہ کاشتکار سروس پر ووائیڈر منصوبے کی مدت کے دوران دوسرے کسانوں کو کرایہ پر خدمات دینے کا بھی پابند ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اس سکیم کے تحت مشینری آلات کے حصول کیلئے پنجاب کے کسی دوسرے مرکز،ضلع سے درخواست نہ دی گئی ہو۔

انہوں نے کہا کہ الاٹمنٹ لیٹر کے اجرا کے 10دن کے اندر منظور شدہ فرموں، کمپنیوں کے پاس بکنگ کرانا ضروری ہو گا ورنہ مالی امداد منسوخ تصور ہو گی جسے کسی عدالت میں چیلنج نہیں کیا جا سکے گا اور یہ مالی امداد لسٹ میں موجود اگلے اہل درخواست گزار کو دیدی جائے گی جبکہ پہلے 4سالوں کے دوران کسی بھی شکل میں مشینری کسی دوسرے شخص کو فروخت یا منتقل نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ درخواست گزار کو متعلقہ ضلع کے اسسٹنٹ ایگریکلچر انجینئر، اسسٹنٹ ایگریکلچر انجینئرنگ کے تحت آپریشن،خرابیوں کی دوری،مرمت و دیکھ بھال کے متعلق ایک دن کی تربیت حاصل کرنا ہو گی اور الاٹمنٹ کمیٹی کے فیصلے کی پابندی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں خواہشمند کاشتکار درخواست فارم بمع تفصیل زرعی مشینری و آلات محکمہ زراعت کی ویب سائٹ field.agripunjab.gov.pkسے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ درخواست فارم مطلوبہ کاغذات بشمول بیان حلفی متعلقہ دفتر میں جمع کروائیں۔