نچلے دھڑ سے محروم شخص کی بارگاہِ خداوندی میں حاضری

وہیل چیئر کی بجائے ہاتھوں کے سہارے چلتے ہوئے خانہ کعبہ کا طواف کیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 3 اکتوبر 2023 10:45

نچلے دھڑ سے محروم شخص کی بارگاہِ خداوندی میں حاضری
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 03 اکتوبر 2023ء ) قطر میں ہوئے فیفا ورلڈ کپ کے باعث عالمی سطح پر شہرت پانے والے خصوصی غانم المفتاح نے عمرہ کی سعادت حاصل کرلی۔ تفصیلات کے مطابق قطر کے شہری غانم محمد المفتاح پیدائشی طور پر نچلے دھڑ سے محروم ہیں، سوشل میڈیا کی دنیا انہیں ایک ہیرو کے طور پر جانتی ہے یہی وجہ ہے کہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ان کے فالوورز کی تعداد لاکھوں میں ہے، گذشتہ برس قطر میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب نے 18 سالہ غانم المفتاح کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا، جہاں ہالی ووڈ کے معروف امریکی اداکار مورگن فری مین کے ساتھ پیش کردہ مکالمہ ان کی شہرت کی خاص وجہ بن گیا۔

بتایا گیا ہے کہ غانم المفتاح نے عمرہ کی ادائیگی کے دوران خانہ کعبہ کے طواف کے لیے وہیل چیئر پر بیٹھنے کی بجائے اپنے ہاتھوں کے سہارے چلنے کا انتخاب کیا۔

(جاری ہے)

غانم المفتاح کہتے ہیں کہ "کیا ہوا اگر میری ٹانگیں نہیں ہیں، میرے رب نے مجھے عظیم نعمت مضبوط ہاتھوں سے تو نوازا ہے جو میرے لیے ٹانگوں کے متبادل ہیں اور میں ان پرہی طواف بیت اللہ کروں گا"، اس موقع پر انہوں نے قرآن کریم کی ایک آیت کریمہ بھی تلاوت کی جس کا ترجمہ ہے"اللہ تعالی کسی پراس کی طاقت سے زیادہ بوجھ نہیں ڈالتا"۔

معلوم ہوا ہے کہ مسجد الحرام کی انتظامیہ نے غانم المفتاح کو عمرہ کی ادائیگی کے دوران ہر ممکن سہولت فراہم کی، اس بہترین مقصد کے لیے سکیورٹی اہلکاروں نے بھی ان کی بھرپور مدد کی تاکہ وہ آرام سے اپنے ہاتھوں کے سہارے بیت اللہ کا طواف مکمل کرسکیں۔
بتاتے چلیں کہ غانم المفتاح پیدائشی طور پر ایک نادر مرض "کاڈل ریٹریکشن" سنڈروم میں مبتلاء ہیں، دنیا بھر میں 25 ہزار افراد میں سے کوئی ایک اس مرض کا شکار ہو سکتا ہے جس میں نو مولود کے نچلے دھڑ کی نشو ونما نہیں ہوتی اور اس نایاب بیماری کی وجہ سے اپنی ہڈیوں کا ایک بڑا حصہ کھونے کے بعد غانم المفتاح آدھے جسم کے ساتھ زندگی بسر کررہے ہیں اور نچلے اعضاء کے بغیر زندگی جاری رکھنے کے لیے اپنے ہاتھوں کا استعمال کرتے ہوئے وہیل چیئر پر نقل و حرکت کرتے ہیں، انہوں نے تعلیم حاصل کی، محنت کی اور آگے بڑھتے ہوئے قطری معاشرے میں سرگرم لوگوں میں سے ایک بن گئے، غانم المفتاح نے ریاست قطر کے خیر سگالی سفیر کے طور پر خدمات انجام دیں، وہ بہت سی کتابیں بھی تحریر کر چکے ہیں۔