آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے نوسربازی کا دھندہ بھی جدت اختیار کرگیا

ملزمان جعلی سمز کو فراڈ میں استعمال کررہے ہیں‘ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی

پیر 9 اکتوبر 2023 23:19

آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے نوسربازی کا دھندہ بھی جدت اختیار کرگیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2023ء) موبائل فون کے ذریعے دھوکہ دہی اور نوسربازی کا دھندہ بھی جدت اختیار کرگیا ،فراڈیوں کی جانب سے مصنوعی ذہانت سمیت جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے ،جس میں وہ جدید سافٹ وئیر کی مدد سے تیار کردہ اہل خانہ کی آواز کے ذریعے شہریوں کو بلیک میل کرکے پیسے بٹورنے لگے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق سکیورٹی اداروں کا اہلکار بن کر فراڈ کرنے کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ مصنوعی ذہانت پرمبنی سافٹ وئیرز کی مدد سے نوسربازوں نے شہریوں کو بے وقوف بنانے اور سائبر کرائم کے نئے نئے طریقے ایجاد کرلیے گئے ہیں،پی ٹی اے نے صارفین کو چوکنا رہنے کی ہدایت کردی ہے ۔نوسرباز اپنے شکار کو پھانسنے کے لیے پہلے سافٹ وئیر کی مدد سے اس کے کسی قریبی عزیز کی آواز کاپی کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

پھر اس کی آواز میں اغوا ء یا گرفتاری کی کال کرکے رقم کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔

اب تک کئی شہری اسی طریقے سے لٹ چکے ہیں۔ ٹیکنالوجی کے استعمال سے بینکوں کی ہیلپ لائن کے ذریعے کال اور میسج کرکے بھی صارفین کی معلومات اور رقوم چرائی جارہی ہیں۔پی ٹی اے کے مطابق ملزمان جعلی سمز کو فراڈ میں استعمال کررہے ہیں۔ فراڈ کے واقعات پی ٹی اے کو رپورٹ کرنے کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے۔پی ٹی اے نے صارفین کی فراڈ سے متعلق شکایات کے ازالہ کیلئے متعلقہ شعبہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر کام شروع کردیا۔ اس حوالے سے عوامی آگاہی مہم تیز کرنے کے علاوہ ایف آئی اے، ایس ای سی پی اور سٹیٹ بنک کے ساتھ اشتراک کو موثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔