غزہ کی طرف رواں امدادی کشتیوں پر ’اسرائیلی حملہ‘ قابل تشویش

یو این جمعرات 25 ستمبر 2025 00:15

غزہ کی طرف رواں امدادی کشتیوں پر ’اسرائیلی حملہ‘ قابل تشویش

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 25 ستمبر 2025ء) اسرائیلی محاصرے کے شکار غزہ میں بھوک سے بیتاب لوگوں کے لیے خوراک اور دوسرا امدادی سامان لے جانے کی کوشش کرنے والے کشتتیوں کے ایک قافلے پر اسرائیل کی طرف سے حملوں کی اطلاعات پر اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق (او ایچ سی ایچ آر) نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

'او ایچ سی ایچ آر' کے ترجمان ثمین الخیطان نے بتایا ہے کہ غزہ کو امداد پہنچانے کی کوشش کرنے والی کشتیوں کے قافلے پر حملوں اور انہیں دھمکیاں دیے جانے کی ناقابل یقین اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

Tweet URL

انہوں نے یہ بات گزشتہ روز گلوبل سُمڈ فلوٹیلا پر ڈرون حملوں کی اطلاع سامنے آنے پر کہی ہے۔

(جاری ہے)

یہ غزہ کے محاصرے کے خلاف احتجاج کرنے والے گروہ کی جانب سے بھیجی جانے والی کشتیاں ہیں جسے اسرائیلی حکومت کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔

اطلاعات کے مطابق کشتیوں کے مواصلاتی نظام کو جام کر دیا گیا ہے اور ان پر دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں۔

تحقیقات کا مطالبہ

ترجمان نے کہا ہے کہ فلوٹیلا پر ڈرون اور دیگر ہتھیاروں کے ذریعے کیے گئے حملوں اور کارکنوں کو ہراساں کرنے کے بارے میں اطلاعات کی آزادانہ، غیر جانبدارانہ اور مکمل تحقیقات کرائی جانی چاہئیں۔

ایسے حملے بند ہونے چاہئیں اور ان کے ذمہ داروں سے جواب طلبی یقینی بنائی جانی چاہیے۔

ادارے نے کہا ہے کہ قابض طاقت کی حیثیت سے اسرائیل کی ذمہ داری ہے کہ شہریوں تک خوراک اور طبی امداد پہنچانے میں سہولت دے یا غیر جانبدارانہ امدادی منصوبوں کو منظور کرے اور انسانی امداد کی تیزرفتار اور بلارکاوٹ فراہمی میں رکاوٹیں عائد نہ کرے۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے اسرائیل سے اپیل کی ہے کہ وہ غزہ کا محاصرہ فوری اٹھائے اور ممکنہ تیز ترین ذرائع سے انسانی امداد کو غزہ میں لانے کی اجازت دے۔