Live Updates

پنجاب میں یتیموں، بیواؤں اورغرباء کی زمینوں پرقبضے کے خاتمے کیلئے نئی قانون سازی کا فیصلہ

قبضے کے مقدمات کے کیلئے خصوصی عدالتیں قائم ہوں گی، ہر کیس کا فیصلہ 90 دن کے اندر لازمی قرار، جرمانہ اور 10 سال قید کی تجویز، پنجاب میں اب زمینوں پر قبضہ نہیں ہوگا، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 24 ستمبر 2025 20:32

پنجاب میں یتیموں، بیواؤں اورغرباء کی زمینوں پرقبضے کے خاتمے کیلئے ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 24 ستمبر 2025ء ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کی تقریب میں خطاب کیا اور اہم اعلانات کیے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے یتیموں، بیواؤں اور غربا کی زمینوں پر قبضے کے خاتمے کیلئے نئی قانونی سازی کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے قبضے کے مقدمات کے فیصلے کے لئے خصوصی عدالتیں قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔

نئی قانونی سازی میں قبضے کے ہر کیس کا فیصلہ 90 دن کے اندر لازمی قرار دیا جائے گا۔ ناجائز قابضین کو جرمانہ اور 10 سال قید کی تجویز پیش کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پیرا فورس سے عوام کی خدمت اور رشوت نہ لینے کا عہد لیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پیرا فورس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں اب بے کس اور مجبور لوگوں کی زمینوں پر قبضہ نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

کمزور لوگوں کی زمینوں پر قبضے کرنے والے اپنے انجام کو پہنچیں گے۔ جہاں ظلم ہوگا، ظالم کو پکڑنے کے لئے حکومت موجود ہوگی۔ پیرا کے افسران، جوانوں اور ان کی فیملیز کو مبارکباد دیتی ہوں۔ پیرا کے نوجوانوں کو اللہ تعالیٰ نے ملک وقوم کی خدمت کے لئے چنا ہے۔ پیرا کے جوانوں نے پنجاب کے عوام کو ظلم اور ناانصافی سے بچانا ہے۔ پیرا کے جوانوں کو عوام کی سہولت اور آسانی کے لئے بھرپور کوشش کرنا ہوگی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کو مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور تجاوزات سے نجات دلانا میرا عزم ہے۔ ایسی اتھارٹی بنانا چاہتی تھی جو عوام کو مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور تجاوزات کا سدباب کرے۔پیرا کے قیام کے خواب کو تعبیر کی صورت دینے میں مدد کرنے والے سب لوگوں کی مشکور ہوں۔ پیرا کے جوانوں کو عوام کے درد کو محسوس کرنا اور مصنوعی مہنگائی سے نجات دلانا ہوگی۔

کوئی وقت تھا کہ بازاروں، گلیوں میں سے تجاوزات کی وجہ سے گزرنے کا راستہ بھی نہیں ملتا تھا۔ پیرا کے جوان گڈ گورننس کی جیتی جاگتی مثال بنیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ٹوکیو میں تھی جب آٹا، گندم مہنگے ہونے کی خبر ملی لیکن پیرا اور انتظامیہ نے بھرپور کوشش کی۔ گندم کی قیمت 4100 روپے سے 3100 روپے پر آچکی ہے۔ پیرا کے افسران نے سیلاب کے دوران قابل قدر خدمات سرانجام دیں۔

آئی جی پنجاب، چیف سیکرٹری اور ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کو شاباش اور ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ پنجاب پاکستان کا پہلا صوبہ بن گیا جہاں گورننس کا ایک نیا ماڈل متعارف کرایا ہے۔ گلی محلوں، سڑکوں اور بازاروں میں تجاوزات کے باعث گزرنے والوں کو مشکل درپیش آتی ہیں۔ خواتین خوش ہے کہ تجاوزات ہٹنے سے ہراسمنٹ کابھی تدارک ہوگیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ سیلاب کے دوران پیرا فورس ریسکیوریلیف آپریشن میں مصروف خدمت رہی۔

سیلاب کے دوران تمام محکموں نے دن رات عوام کی خدمت میں ایک کیا جس پر سب کا شکریہ اد اکرتی ہوں۔ پیرا فورس عوام کی خدمت کو اپنے نصب العین بنائے۔پیرا فورس کے جوانوں اپنی وردی، پاکستان اور پیرا کی عزت اور اپنے حلف کی پاسداری کریں۔ پیرا فورس کے افسر اور جوان رشوت کے پیسے کو اپنے اوپر حرام قرار دینے کا وعدہ کریں۔پیرا فورس کے جوانوں حلال کمائی تھوڑی ہی کیوں نہ ہو اس میں برکت ہوتی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پیرا فورس کے جوانوں رشوت کی کمائی میں کوئی برکت نہیں چاہے کتنی ہی کیوں نہ ہو۔کاروباری حضرات اپنا جائزہ منافع ضرور کمائیں لیکن ناجائز منافع کو روکنا حکومت کا فرض ہے۔ سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق گندم، آٹا، روٹی اور سبزیوں کے نرخ یقینی بنانے ہوں گے۔ ذخیرہ اندوزی پر پیرا فورس کے جوانوں نے اپنی ذمہ داری پوری طرح نبھانی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب پولیس میں سی سی ڈی ڈیپارٹمنٹ بنانے سے امن و امان کی فضا قائم ہوئی ہے۔ سی سی ڈی کے قیام پر آئی جی پنجاب اورپوری پنجاب پولیس کو شاباش دیتی ہوں۔ پنجاب کی بہت سے تحصیلوں میں کرائم کی شرح صفر ہوگئی ہے۔ ایسی تحصیلیں جہاں روزانہ کی بنیاد پر کھلے عام کرائم ہوتا تھا وہاں کرائم کی شرح کم ہوگئی ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ بہت سی تحصیلیں جہاں روزانہ کی بنیاد پر100 کرائم رپورٹ ہوتے تھے وہاں اب کرائم کی شرح دو پر آگئی ہے۔ سرگودھا والے کہتے ہیں کہ رات کو نکلتے وقت کی خطرہ محسوس نہیں ہوتا۔ خاتون چیف منسٹر ہونے کے ناطے خواتین کے لئے پنجاب کو محفوظ ترین بناؤں گی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات