تباہ حال غزہ میں اسرائیلی جنگی چالیں دہشت کا سبب، یو این ادارے

یو این جمعرات 25 ستمبر 2025 00:15

تباہ حال غزہ میں اسرائیلی جنگی چالیں دہشت کا سبب، یو این ادارے

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 25 ستمبر 2025ء) اقوام متحدہ کے اداروں نے خبردار کیا ہے کہ تباہی کا شکار غزہ میں شہریوں کو بڑھتے حملوں، بڑے پیمانے پر نقل مکانی اور شدت اختیار کرتی بھوک کا سامنا ہے۔

مقبوضہ فلسطینی علاقے میں اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق (او ایچ سی ایچ آر) نے کہا ہے کہ غزہ شہر میں اسرائیلی فوج کی جنگی چالوں بشمول گھروں اور سکولوں پر حملوں سے دہشت پھیل رہی ہے اور شہری نقل مکانی پر مجبور ہیں۔

Tweet URL

امدادی امور کے لیے اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر (اوچا) نے بتایا ہے کہ رواں ہفتے ایک ہی روز میں 20 ہزار سے زیادہ لوگوں کو جنوبی علاقوں کی طرف نقل مکانی کرنا پڑی۔

(جاری ہے)

اس طرح وسط اگست کے بعد 10 لاکھ آبادی والے غزہ شہر سے انخلا کرنے والوں کی تعداد 320,000 سے تجاوز کر گئی ہے۔

طبی خدمات کی تباہی

غزہ میں صحت کی خدمات بھی تباہی سے دوچار ہیں۔ فلسطینی میڈیکل ریلیف سوسائٹی کے زیر انتظام ایک اہم کلینک اسرائیل کے حملے میں تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں عملے کے افراد زخمی ہوئے اور سیکڑوں مریضوں کے لیے زخموں، سرطان اور ذہنی صحت کی دیکھ بھال کی فراہمی بند ہو گئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق، غزہ شہر کے سب سے بڑے طبی مرکز الشفا ہسپتال پر اسرائیلی حملوں اور بم باری میں زخمی ہونے والوں کا شدید بوجھ ہے اور معالجین انتہائی مشکل حالات میں مریضوں کے آپریشن کر رہے ہیں۔

جنسی و تولیدی صحت کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے (یو این ایف پی اے) نے بتایا ہے کہ غزہ بھر میں قحط کی سی صورتحال ہے جہاں 10 لاکھ سے زیادہ افراد شدید بھوک کا شکار ہیں۔

بھوک سے 390 ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں 140 بچے بھی شامل ہیں۔

خواتین اور لڑکیوں کے لیے خطرات

ادارے کے مطابق، موجودہ حالات میں خواتین اور لڑکیوں کے لیے خطرات کہیں زیادہ ہیں جنہیں ضروری طبی خدمات کی عدم موجودگی میں غیر محفوظ زچگی اور صنفی بنیاد پر بڑھتے ہوئے تشدد کا سامنا ہے۔ ادارے نے زچگی اور تحفظ کے پروگراموں کو جاری رکھنے کے لیے ہنگامی بنیاد پر امدادی وسائل فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے (انروا) نے کہا ہے کہ غزہ میں گزشتہ رات شدید بمباری میں بہت سے بچوں کے ہلاک و زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ غزہ اب دنیا میں ایسی جگہ بن گیا ہے جہاں ایسے بچوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے جن کے زخمی ہونے کی وجہ سے جسمانی اعضا قطع کیے گئے ہیں۔