انسداد دہشت گردی کی عدالت نے عابد باکسر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

جمعرات 26 اکتوبر 2023 17:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2023ء) لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے اشتہاریوں کو پناہ دینے،پولیس حراست سے بھاگنے کے مقدمے میں گرفتار سابق پولیس انسپکٹر عابد باکسر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔انسدادِ دہشت گردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

جمعرات کو سماعت پر پولیس نے جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر پولیس مقابلوں سے شہرت پانے والے سابق پولیس انسپکٹر عابد باکسر کو عدالت کے روبرو پیش کیا ،تفتیشی افسر نے عدالت سے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تا ہم ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عابد باکسر سے کوئی چیز برآمد نہیں ہوئی،لہذا عدالت جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرے،عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر عابد باکسر کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی اور 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا،تھانہ فیصل ٹائون پولیس نے سابق انسپکٹر عابد باکسر کے خلاف مقدمہ درج کررکھا ہے۔