مجھے زبردستی اسلام قبول کروانے کی کوشش کی! کنیریا کا آفریدی پر الزام

ْسابق کرکٹر کے پاکستان کرکٹ بورڈ اور شاہد آفریدی پر الزامات نے نیا پنڈورا باکس کھول دیا

جمعہ 27 اکتوبر 2023 19:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2023ء) پاکستانی ٹیم مخالف بیانات دینے کیلئے مشہور سابق کرکٹر دانش کنیریا نے سابق کپتان شاہد آفریدی پر الزامات کا نیا پنڈورا باکس کھول دیا۔بھارتی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے اسپاٹ فکسنگ میں ملوث دانش کنیریا نے الزام عائد کیا کہ سابق کپتان شاہد آفریدی نے زبردستی انہیں اسلام قبول کروانے کی کوشش کی جبکہ اِن سمیت کئی کرکٹرز میرے ساتھ کھانا تک نہیں کھاتے تھے۔

(جاری ہے)

سابق کرکٹر نے کہا کہ راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر اور سابق کپتان انضمام الحق کو اپنا بہترین دوست قرار دیا اور اعتراف کیا وہ میرا ساتھ دیتے تھے۔دانش کنیریا نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)پر بھی الزام تراشی کرتے ہوئے کہا کہ میرے کانٹی کیرئیر کے دوران اسپاٹ فکسنگ کا الزام لگایا گیا تھا، جس کا میں نے اعتراف کیا کہ میں صرف ایک بکی سے ملا تھا لیکن انہوں نے مجھ پر الزامات قبول کرنے کے لیے دبا ڈالا، بورڈ نے اس لیے میرا ساتھ نہیں دیا کیونکہ میں ہندو ہوں۔انہوں نے کہا کہ بورڈ سمیت کئی کرکٹرز خوفزدہ تھا کہ اگر میں کھیلتا رہا تو میں انکے ریکارڈ توڑ دوں گا۔