لاہور،انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کا سابق انسپکٹر عابد باکسر کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم

جمعرات 2 نومبر 2023 13:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2023ء) لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے اشتہاریوں کو پناہ دینے ، پولیس حراست سے بھاگنے کے مقدمے میں گرفتار سابق پولیس انسپکٹر عابد باکسر کی ایک لاکھ روپے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا ۔انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے ضمانت بعدازگرفتاری درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

عابد باکسر کی جانب سے سابق سیکرٹری لاہور بار مقصود کھوکھر عدالت پیش ہوئے اور درخواست ضمانت پر دلائل پیش کئے ۔ پولیس مقابلوں سے شہرت پانے والے سابق پولیس انسپکٹر عابد باکسر کے خلاف تھانہ فیصل ٹائون پولیس نے سابق انسپکٹر عابد باکسر کے خلاف مقدمہ درج کررکھا ہے اور وہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ملزم عابد باکسر کے وکیل کو ضمانت کے عوض ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی ہے ۔