پاک نیوزی لینڈ ورلڈکپ میچ کو بارش کے پانی سے بچانے کیلئے خصوصی ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا فیصلہ

ٹیکنالوجی کی مدد سے بارش ہونے کی صورت میں میدان کو صرف 15 سے 20 منٹس میں کھیل کے قابل بنا دیا جائے گا

muhammad ali محمد علی جمعہ 3 نومبر 2023 22:22

پاک نیوزی لینڈ ورلڈکپ میچ کو بارش کے پانی سے بچانے کیلئے خصوصی ٹیکنالوجی ..
بنگلورو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 نومبر2023ء) پاک نیوزی لینڈ ورلڈکپ میچ کو بارش کے پانی سے بچانے کیلئے خصوصی ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا فیصلہ، ٹیکنالوجی کی مدد سے بارش ہونے کی صورت میں میدان کو صرف 15 سے 20 منٹس میں کھیل کے قابل بنا دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق بنگلورو کے چناسوامی اسٹیڈیم میں جمعہ کو شیڈول میچ کو بارش کے پانی سے بچانے کیلئے خصوصی ٹیکنالوجی کو استعمال میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

چناسوامی اسٹیڈیم کے اسٹاف کے مطابق گراؤنڈ میں نصب "سب ایئر سسٹم" میدان میں پانی کھڑا نہیں ہونے دے گا، بارش شروع ہوتے ہی سب ایئر سسٹم خود بخود اسٹارٹ ہو جائے گا اور بارش رکنے کے 15 سے 20 منٹ میں گراؤنڈ کو کھیل کے قابل بنا دیا جائے گا۔ گراؤنڈ اسٹاف کے مطابق اس سسٹم کے تحت پائپس ایک منٹ میں 10 ہزار لیٹر پانی نکال سکتے ہیں، چناسوامی اسٹیڈیم میں سب ایئر سسٹم 2016ء میں نصب کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہفتہ کو میچ میں بارش کی پیش گوئی ہے۔ ہفتہ کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ میں بارش کا خطرہ ہے، چناسوامی اسٹیڈیم کے گراؤنڈ اسٹاف کو یقین ہے کہ آؤٹ فیلڈ میں پانی جمع ہونے سے روکنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ موسم کی پیش گوئی کرنے والی ایجنسیوں کے مطابق، بنگلورو میں ہفتہ کو دوپہر 1 بجے سے شام 5 بجے تک بارش ہونے کا امکان ہے۔

ریڈار بارش کے 50 فیصد امکانات بتاتا ہے۔ چونکہ کھیل مقامی وقت کے مطابق صبح 10:30 بجے شروع ہونا ہے، بارش ہونے کی صورت میں میچ کا دوسرا ہاف متاثر ہونے کا امکان ہے۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کیخلاف میچ کیلئے پاکستان کی ممکنہ پلیئنگ 11 سامنے آ گئی۔ آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء کے 35ویں میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ایم چناسوامی اسٹیڈیم بنگلورو انڈیا میں ہفتہ کو پاکستان میں ایک بڑی تبدیلی کا امکان ہے۔

سازگار پیس کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے بابر اعظم کی قیادت والی یونٹ چار فاسٹ باؤلرز کے ساتھ جا سکتی ہے یعنی حسن علی لیگ اسپنر اسامہ میر کی جگہ پلیئنگ الیون میں واپسی کریں گے۔ صبح کے وقت پچ اور موسمی حالات کا بغور جائزہ لینے کے بعد فیصلہ لیا جائے گا کیونکہ کل بنگلورو میں بارش کا 50 فیصد امکان ہے۔