علامہ اقبالؒ اقدار کے فروغ اور ان کے مطابق زندگی گزارنے کا درس دیتے ہیں،ڈاکٹر ظل ہمانازلی

جمعرات 9 نومبر 2023 16:17

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2023ء) جی سی ویمن یونیورسٹی فیصل آبادکی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظل ہمانازلی نے کہا کہ زندگی تحریک کا نام ہے اورعلامہ اقبالؒ اقدار کے فروغ اور ان کے مطابق زندگی گزارنے کا درس دیتے ہیں لہٰذا طالبات کو اپنی زندگیاں مفکر پاکستان کے افکار کی روشنی میں گزارنے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔

فکر اقبال اور نوجوانوں کی کردار سازی کے موضوع پرمنعقدہ سیمینار سے صدارتی خطاب میں انہوں نے کہا کہ جس قوم کے نوجوان مضبوط ہوں وہی قوم مضبوط ہوتی ہے اسلئے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی زندگی کے مقاصد اور اہداف کو ہمیشہ پہچانیں۔سیمینار کے مقرر خاص پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف اعوان نے اپنے خطاب میں اقبال کو وہ دانائے راز قرار دیا جس نے جہاد زندگانی میں کامیاب ہونے کیلئے یقین محکم اور عمل پیہم کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

اپنے نوجوانوں کو نصیحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقبال کے شاہین کی طرح آج کے نوجوان کو خود شناسی کے ذریعے عزت اور تکریم حاصل کرنا ہو گی۔سیمینار میں ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر اسماعزیز، کوآرڈینیٹر فیکلٹی آف لینگویجز اینڈ ہیومینٹیز ڈاکٹر رخسانہ بلوچ، شعبہ ریاضی، اردو، انگریزی اور اسلامیات کی صدور، اساتذہ اور طالبات نے بھرپور شرکت کی۔تقریب میں علامہ اقبالؒ کی زندگی پر ویڈیو ڈاکومینٹری بھی دکھائی گئی جبکہ طالبات میں اقبال شناسی کو فروغ دینے کیلئے اقبال اکیڈمی کی جانب سے اقبال پر لکھی گئی کتب کا سٹال بھی لگایا گیا۔