معین الدین ریاض قریشی صدر پی ٹی آئی جنوبی پنجاب مقرر، عون عباس بپی کی مبارکباد

مجھے یقین ہے کہ معین الدین قریشی کو یہ عہدہ ملنا پارٹی کے لئے بھی فائدہ مند ثابت ہوگا۔9 مئی واقعات کے بعد پارٹی چھوڑنے والے جنوبی پنجاب کے سابق صدر عون عباس بپی کا ٹویٹ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 10 نومبر 2023 14:00

معین الدین ریاض قریشی صدر پی ٹی آئی جنوبی پنجاب مقرر، عون عباس بپی کی ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 10نومبر 2023ء) معین الدین ریاض قریشی کو صدر تحریک انصاف جنوبی پنجاب مقرر کردیا گیا۔ سیکٹری جنرل عمر ایوب کے دستخط کے بعد نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ پاکستان تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے سابق صدر عون عباس بپی نے معین الدین ریاض قریشی کو صدر تحریک انصاف جنوبی پنجاب مقرر ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ سینیٹر عون عباس بپی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ معین قریشی کو نئے سیاسی سفر کے آغاز پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ان کا پی ٹی آئی جنوبی پنجاب صدر کا انتخاب نہ صرف خطے کی سیاست بلکہ پارٹی کے لئے بھی فائدہ مند ثابت ہوگا۔خیال رہے کہ تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے صدر اور سینیٹر عون عباس بپی نے پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کردیا تھا۔

(جاری ہے)

سینیٹرعون عباس بپی نے ویڈیو بیان میں پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں، میں سمجھتا ہوں یہ پاکستان کی تاریخ میں سیاہ دھبہ ہے، یہ قوم اور پاک فوج لازم و ملزوم ہیں۔

عون عباس نے کہا کہ تحریک انصاف جنوبی پنجاب کی صدارت سے مستعفی ہوتا ہوں۔انہوںنے کہاکہ تھوڑے عرصے کیلئے سیاست سے بھی دستبردار ہونے کا بھی اعلان کرتا ہوں۔
یاد رہے کہ 9 مئی واقعات کے بعد متعدد سیاسی رہنما تحریک انصاف کو خیر باد کہہ چکے ہیں جن میں فواد،چوہدری،شیریں مزاری،فیاض الحسن،چوہان،سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور علی زیدی سمیت دیگر رہنما شامل ہیں۔

کچھ رہنماؤں نے تحریک انصاف چھوڑنے کے بعد استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی،جبکہ کچھ رہنما پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل تھے،اسی طرح سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی تھی۔ گزشتہ دنوں گوجرانوالہ سے 4 پی ٹی آئی رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔