پاکستان ہندو کونسل نے دیوالی کے تہوار کو غزہ میں فوری جنگ بندی سے منسوب کردیا

جمعہ 10 نومبر 2023 21:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 نومبر2023ء) پاکستان ہندو کونسل نے دیوالی کے تہوار کو غزہ میں فوری جنگ بندی سے منسوب کر دیا۔اقدام غزہ میں کشیدگی کے خاتمے، فوری جنگ بندی کو اجاگر کرنے کے لیے ہے،پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کا ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم امن پسند ہندو برادری کو دیوالی کی پیشگی مبارکباددیتی ہے۔

دیوالی کا تہوار ہندو مذہب میں بہت اہمیت کا حامل ہے، یہ تہوار روشنیوں کے ساتھ نئے سال کا استقبال کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے،دیوالی اندھیرے کے خلاف روشنی کی جیت کا دن ہے، دیوالی کا تہوار امن، ہم آہنگی اور خوشحالی کا پیغام دیتا ہے،غزہ میں ہولناک تباہی کے دل دہلا دینے والے مناظر نے پوری انسانیت کو افسردہ کر دیا،دیوالی پر مشرق وسطیٰ میں فوری جنگ بندی کی اپیل، انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جائے گا، طاقت کا وحشیانہ استعمال مشرق وسطیٰ میں دیرینہ مسئلے کے پائیدار حل کو پیچیدہ بنا رہا ہے، یروشلم کی مقدس سرزمین ہر مذہب کی نظر میں مقدس ہے، پاکستان ہندو کونسل نے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری سے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

عالمی برادری تیسری عالمی جنگ کی ممکنہ تباہ کاریوں سے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرے۔