ٹرمپ کا دوبارہ صدر منتخب ہونے پر لاکھوں افراد کو ملک بدر کرنے کا ارادہ، رپورٹ

اتوار 12 نومبر 2023 15:00

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2023ء) امریکی میڈیا نے کہا ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دوبارہ منتخب ہونے پر لاکھوں افراد کو ملک بدر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔عرب نشریاتی ادارے نے نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ 2024 کے انتخابات میں صدر منتخب ہو جاتے ہیں تو ہر سال لاکھوں غیرقانونی مقیم افراد کو ملک سے نکالیں گے اور ان کو کیمپوں میں رکھا جائے گا۔

یہ رپورٹ سابق صدر کے کئی مشیروں کے انٹرویوز پر مبنی ہے جس میں ان کی حکومت میں امیگریشن پالیسیوں کی نگرانی کے مشیر سٹیفن ملر کا انٹرویو بھی شامل ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سابق صدر کی جانب سے یہ امریکی تاریخ کا سب سے بڑا ملک بدری کا آپریشن ہو گا جس میں ہر سال لاکھوں لوگوں کو نکالا جائے گا اور اس میں وہ لوگ بھی شامل ہوں گے جو دہائیوں سے امریکہ میں آباد ہیں۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں ڈونلڈ ٹرمپ کے الیکشن مہم سے رابطہ کیا گیا تھا تاہم فوری طور پر جواب نہیں دیا گیا جبکہ وائٹ ہاؤس نے تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ منصوبے کے دیگر حصوں میں نظریاتی خیالات کے حامل ویزا درخواست دینے والوں کی سکریننگ، غیرمحفوظ سمجھے جانے والے بعض ممالک کے لوگوں کی عارضی طور پر محفوظ سٹیٹس کو منسوخ کرنا، غیرقانونی تارکین وطن والدین کے امریکا میں پیدا ہونے والے بچوں کے لیے شہریت کے پیدائشی حق کو ختم کرنا شامل ہے۔