سستی بجلی عوام کا حق ہے ، عوامی ٹیکسوں سے تنخواہ لینے والے عوام کو جوابدہ ہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق

بدھ 15 نومبر 2023 23:07

سدھنوتی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2023ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ سستی بجلی عوام کا حق ہے ،مملکت خداداد پاکستان کی خوشحالی، ترقی و استحکام سے ہی ہماری بھی بقاء ہے، ریاستی عوام کی فلاح و بہبود میرا مشن ہے، اعلانات پر یقین نہیں رکھتا بلکہ عمل کا قائل ہوں،وزیراعظم،وزراء سمیت عوامی ٹیکسوں سے تنخواہ لینے والے عوام کو جوابدہ ہیں۔

عوامی ایکشن کمیٹیوں نے لوگوں کو اپنے حقوق کے تحفظ کا شعور دیا لیکن اس کی آڑ میں بنیادی نظریات سے نہیں کھیلنے دیں گے۔کنٹرول لائن کے اس پار جو مظالم ہو رہے ہیں وہ ہم سب دیکھ رہے ہیں حقوق کی جنگ میں قومی ذمہ داری سے منہ نہیں موڑا جا سکتا۔ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے پلندری کے مقام پر وزیر بہبود آبادی سردار محمد حسین ایڈووکیٹ کے طرف سے استقبالیہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب کی صدارت وزیر سیاحت و آثار قدیمہ سردار فہیم اختر ربانی نے کی۔ چوہدری انوارالحق نے کہا کہ ریاست کے غریب، بیواؤں،یتیموں، معذوروں، بچوں، بچیوں کے لئے 5 ارب کی خطیر رقم مختص کی جو فی کس 20ہزار ہر ماہ ان کے ایزی پیسہ اکاؤنٹ میں ٹرانسفر ہو جائے گی،سرکاری ملازمین کو اپنی کارکردگی دکھانا ہو گی، عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ عوام کو ملے گا، دس اضلاع کے ہسپتالوں میں 30 دسمبر تک تمام خالی آسامیوں کو پورا کر دیا جائے گا۔

ڈویژنل ہسپتالوں میں 84 کروڑ روپے سے ایم آر آئی مشین مہیا کی جا رہی ہے۔تمام اضلاع میں 4کروڑ روپے لاگت سے بجلی کے پول اور ٹرانسفارمر کی فراہمی، 3 سے 5 کروڑ لوکل گورنمنٹ کے فنڈز سے لوگوں کے مسائل حل ہوں گے۔ ایسا سسٹم بنایا ہے جس سے میرٹ کی بالا دستی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ سدھنوتی کے تمام مسائل یونیورسٹی کا قیام انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔

آٹا ڈپو، سیاحت کے فروغ کے لیے مختلف سپاٹس کی منظوری کے لیے سردار محمد حسین ایڈووکیٹ اور سردار فہیم اختر ربانی وزراء کو اختیار دیا وہ فیصلہ کریں فنڈز میں دوں گا۔اس موقع پر سینئر وزیر کرنل (ر) وقار نور، وزراء سردار عامر الطاف، ضیا القمر، جاوید بڈھانوی،انصر ابدالی،چوہدری اخلاق، ملک ظفر، مشیر حکومت احمد صغیر، معان خصوصی نبیلہ ایوب، چیئرمین معائنہ کمیشن پیر مظہر الحق سمیت سیاسی و سماجی شخصیات عوام علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

تقریب کے میزبان اور وزیر بہبود آبادی،آبپاشی و سمال ڈیمز سردار محمد حسین ایڈووکیٹ نے وزیر اعظم آزاد کشمیر اور وزراء کرام کو پلندری آمد پر خوش آمدید کہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر سیاحت آثار قدیمہ و معدنی وسائل سردار فہیم اختر ربانی نے کہا کہ سدھنوتی شہیدوں اور غازیوں کی سر زمین یہاں کے لوگوں نے اس خطہ کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے پاکستان کے لیے ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ریاستی عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے ۔ وزیر حکومت نے وزیراعظم کو بلوچ کے دورہ کی دعوت دی۔تقریب سے وزیر صحت نثار انصر ابدالی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت سے متعلقہ مسائل فوری حل کریں گے۔ ہسپتال میں سٹاف کی کمی کو پورا کیا جائے گا۔