آزادانہ ، منصفانہ ،شفاف انتخابات کرا کر حکومت عوام کے منتخب نمائندوں کے حوالے کر نے سے ہی ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام آسکتاہے ، واجہ ابوالحسن

بدھ 22 نومبر 2023 21:03

کراچی/کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2023ء) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما ء واجہ ابوالحسن نے کراچی میں نیشنل پارٹی سندھ کے سیکرٹریٹ کادورہ کیا یہاں پر پارٹی کے مرکزی نائب صدر مخدوم ایوب قریشی ، سندھ وحدت کے جنرل سیکرٹری مجیدساجدی، سیکریٹری انفارمیشن ذوالفقار مکھی،سینٹرل کمیٹی کے رکن لالا محمد حسین ، سیدشمس الدین ، محمد ابراراور دیگر رہنماؤں نے واجہ ابوالحسن کاخیرمقدم کیا واجہ ابوالحسن نے ملک کی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادانہ ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کرا کر حکومت عوام کے منتخب نمائندوں کے حوالے کر نے سے ہی ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام آسکتاہے ۔

انہوں نے کہا 2018میں جس طرح جھرلو انتخابات کے زریعے ٹھپہ مافیا کوعوام پر مسلط کیا گیا تھا اس سے ہونے والے نقصانات کی وجہ سے ملک سیاسی ، معاشی اور اخلاقی طور پر دیوالیہ ہو چکا ہے اب بھی اگر ماضی کی غلطیوں سے سبق نہ سیکھاگیا تو ملک کوناقابل تلافی نقصان ہوگا انہوں نے کہا نیشنل پارٹی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور جان محمد بلیدی کی قیادت میں متحد اور منظم ہے اور اس دفعہ اللہ پاک کے فضل و کرم اور عوام کی حمایت سے ہماری جماعت پورے بلوچستان میں کامیابی حاصل کرکے عوام کے مسائل کو حل کرے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر مخدوم ایوب قریشی نے معزز مہمان کانیشنل پارٹی کے سندھ سیکریٹریٹ آمد پر انہیں خوش آمدید کہا انہوں نے کہا ہمارے رہنما اور کارکن ہرسطح پر عوام سے رابطے میں ہیں اور یہ میرغوث بخش بزنجو اورمیر حاصل بزنجو کی فکراورفلسفے کے مطابق عوامی خدمت کاجذبہ رکھتے ہیں ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بلوچستان میں اپنی وزارت اعلیٰ کے مختصر دورمیں بلوچستان میں امن اور سیاسی استحکام قائم کیاگورنس اور میرٹ کے حوالے سے بلوچستان میں نیشنل پارٹی کادورحکومت مثالی تھا ،تعلیم اور صحت کے شعبوں کو خصوصی توجہ دی گئی جسکی وجہ سے آج نیشنل پارٹی عوام کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے ایوب قریشی نے کہا نیشنل پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں میں عوامی مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت موجود ہے ہم ہی عوام کی طاقت کے بل بوتے پر آنے والے انتخابات میں بھاری اکثریت سے جیتیں گے۔