پنجاب یونیورسٹی نے 45 ویں آل پاکستان ویمن اتھلیٹکس چیمپئین شپ جیت لی

جمعہ 24 نومبر 2023 21:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 نومبر2023ء) پنجاب یونیورسٹی کی وومن اتھلیٹس نے مختلف مقابلوں میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین روزہ 45ویں آل پاکستان اقبال ٹرافی انٹر یونیورسٹی ویمن اتھلیٹکس چمپئن شپ2023-24ء اپنے نام کر لی ہے۔ مقابلوں کا انعقاد ہائرایجوکیشن کمیشن آف پاکستان اور پنجاب یونیورسٹی کے اشتراک سے پنجاب سٹیڈیم میں کیا گیا جس میں ملک بھر سے 26 جامعات کی کھلاڑیوںنے حصہ لیا۔

چیمپئین شپ میں دوسری پوزیشن لاہور کالج فار وومن یونیورسٹی، تیسری پوزیشن سپیرئیر یونیورسٹی اور چوتھی پوزیشن گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی فیصل آباد نے حاصل کی جبکہ پنجاب یونیورسٹی کی سنینہ منصور چیمپئین شپ کی بہترین اتھلیٹ قرار پائیں۔ اختتامی تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، ڈائریکٹر سپورٹس ڈاکٹر ظفر اقبال بٹ، ایچ ای سی کے نمائندے خادم علی خان ، ٹیم مینجرز ، کوچز اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ سپورٹس نوجوانوں کو اچھی صحت اور اچھا ذہن فراہم کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ مختلف جامعات کی طالبات نے بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ثابت کیا ہے کہ وہ ہر شعبے میں اپنی کامیابی کا لوہا منوا سکتی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مقابلوں میں حصہ لینے والی خواتین اتھلیٹکس پاکستان کا نام روشن کرنے میں بھرپور کردار ادا کریں گی۔

اس موقع پر انہوں نے بہترین اتھلیٹ سنینہ مصور کے لئے خصوصی کیش پرائز کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستا ن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی تاکہ خواتین کھلاڑیوں کو اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کا بھرپور موقع مل سکے۔ انہوں نے کھیلوں کے کامیاب انعقاد پر ڈائریکٹر سپورٹس ڈاکٹر ظفر اقبال بٹ اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔ڈاکٹر ظفر اقبال بٹ نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی شعبہ سپورٹس کھیلوں کو فروغ دینے میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے اور ایسے مقابلے باقاعدگی سے منعقد کئے جا رہے ہیں۔