پاکستان اور تھائی لینڈ متعدد شعبوں میں باہمی تجارت فروغ دے سکتے ہیں،تجارتی وفود کا تبادلہ بڑھا کر باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت، احسن بختاوری

ہفتہ 25 نومبر 2023 16:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2023ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں تھائی لینڈ کا کامیاب دورہ کیا اور تھائی چیمبر آف کامرس اور تھائی پاکستان بزنس کونسل کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کر کے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید بہتر کرنے کے امور پر بات چیت کی۔

وفد میں فارماسیوٹیکل، ٹیکسٹائل، تعمیرات، خوردنی تیل، ماربل، لائٹ انجینئرنگ، مہمان نوازی، ریٹیل سیکٹر، امپورٹرز اور ایکسپورٹرز سمیت دیگر نمائندے شامل تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان دو طرفہ تجارت کو بہتر کرنے کے عمدہ مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ کر دونوں ممالک کی معیشتوں کے لیے فائدہ مند نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کی موجودہ تجارت نسبتاً کم ہے تاہم اس کو بہتر کرنے کے بے شمار مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر سکتے ہیں کیونکہ تھائی لینڈ الیکٹرانکس، آٹوموبائل اور مشینری برآمد کرنے والا اہم ملک ہے جبکہ پاکستان 24کروڑ سے زائد صارفین کی ایک بڑی مارکیٹ ہے جس کے پاس کپاس، چاول اور ٹیکسٹائل سمیت دیگر قدرتی وسائل موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زراعت، ٹیکسٹائل اور توانائی کے شعبوں میں پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان تجارت کو ترقی دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ قابل تجدید توانائی کے شعبے میں مہارت رکھتا ہے لہذا وہ توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اس شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کرسکتا ہے۔

انہوں نے تھائی ہم منصبوںکو پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں پائے جانے والے سرمایہ کاری کے مواقعوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی اور ان کو دعوت دی کہ وہ پاکستان کا دورہ کر کے دلچسپی کے شعبوں میں جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی کے وفد کے تھائی لینڈ کے دورے کا مقصد تھائی لینڈ کے ہم منصبوں کے ساتھ براہ راست ملاقات کر کے باہمی تعاون کے نئے شعبوں کو تلاش کرنا ہے اور اس امید کااظہار کیا کہ اس دورے کے دونوں ممالک کیلئے مثبت نتائج پیدا ہوں گے۔

تھائی لینڈ چیمبر آف کامرس اور تھائی پاکستان بزنس کونسل کے عہدیداران نے آئی سی سی آئی کے وفد کا شاندار استقبال کیا اور دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان روابط مضبوط کرنے کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ اور پاکستان تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ کر کے فائدہ مند نتائج حاصل کر سکتے ہیں ۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک تجارتی وفود کے متواتر تبادلوں کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ کاروبار اور سرمایہ کاری کے تعلقات میں بہتری کے نئے شعبوں کی تلاش کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نجی شعبوں کو مزید سازگار ماحول فراہم کریں تو پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان کاروباری تعلقات کو آنے والے سالوں میں کافی بہتر کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئی سی سی آئی کے وفد کا تھائی لینڈ کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان پائیدار بزنس پارٹنرشپس کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہو گا۔ امیر حمزہ، چوہدری جاوید اقبال، چوہدری محمد علی، شہباز مجید شیخ، راجہ محمد امتیاز، فیضان شہزاد، اختر حسین، سیف الرحمان خان، ناصر محمود چوہدری اور ملک محسن خالد چیمبر کے وفد میں شامل تھے۔